ممبئی۔ 6 فروری (پی ٹی آئی) بامبے ہائیکورٹ نے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو تھانے میں منعقد شدنی ایک پروگرام میں ہندو۔مسلم ہم آہنگی پر خطاب سے باز رکھنے پولیس کے احکامات کو برقرار رکھا اور کہا کہ وہ انتظامی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ جسٹس این ایچ پاٹل اور جسٹس وی ایل اچیلیا پر مشتمل ڈیویژن بینچ نے رکن ’’مائی ممبرا فاؤنڈیشن‘‘ عبدالرؤف خان کی دائر کردہ درخواست مسترد کردی۔ یہ فاؤنڈیشن 8 فروری کو پروگرام منعقد کررہا ہے۔
درخواست میں عدالت سے پولیس کو یہ ہدایت دینے کی خواہش کی گئی تھی کہ وہ اسد اویسی کو خطاب کرنے کی اجازت دے۔ جسٹس پاٹل نے کہا کہ یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ یہاں تک کہ پولیس بھی یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتی کہ حقیقی صورتحال کیا ہوگی۔ کسی کو یہ اندازہ نہیں ہوتا کہ پرامن ہجوم کب تشدد پر آمادہ ہوجائے۔ یہ سارے معاملات انتظامی دائرۂ کار میں آتے ہیں اور ہم اس میں مداخلت نہیں کرتے۔