اسد اویسی کا پرچہ نامزدگی مسترد کرنے بی جے پی کامطالبہ

انتخابی حلفنامہ میں حقائق چھپانے کا الزام، الیکشن کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے مجلس کے امیدوار اسد اویسی کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیں کیونکہ انہوں نے حلفنامہ میں بعض حقائق چھپانے کی کوشش کی ہے ۔ حیدرآباد کے دو اسمبلی حلقہ جات میں ووٹ کی موجودگی کا الیکشن کمیشن کو داخل کردہ حلفنامہ میں ذکر نہیں کیا گیا۔ پارٹی کے ترجمان کرشنا ساگر اور بی جے پی امیدوار بھگونت راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسد اویسی اور ان کی اہلیہ کے ووٹ راجندر نگر اور خیریت آباد اسمبلی حلقوں میں موجود ہیں۔ بی جے پی نے اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر اور ریٹرننگ آفیسر حیدرآباد سے شکایت کی ہے اور اس کی نقل الیکشن کمیشن آف انڈیا کو روانہ کی گئی ۔ بی جے پی قائدین نے دونوں اسمبلی حلقوں میں مجلسی امیدوار اور ان کی اہلیہ کے ووٹر شناختی کارڈ کی تفصیلات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے رکن کی حیثیت سے حاصل کئے جانے والے الاؤنس کا بھی کوئی تذکرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے اپنے مکان کی مالیت بھی انتہائی کم دکھائی ہے۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ حقائق کو چھپانا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ لہذا ریٹرننگ آفیسر کو چاہئے کہ وہ پرچہ نامزدگی مسترد کریں۔ انہوں نے مجلس کو الاٹ کردہ انتخابی نشان سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔