استنبول دھماکہ ، عابس اختر کی نعش لانے کے انتظامات

جمعرات کو تدفین ہوگی، والداختر حسن رضوی ترکی پہنچ گئے، ہندوستانی حکام کا بھرپور تعاون

ممبئی۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)سابق راجیہ سبھا ممبر اور مشہورتاجر وتعمیراتی کمپنی کے مالک اختر حسن رضوی کے 49 سالہ فرزند عابس اختر رضوی کی نعش جمعرات تک پہنچنے کی توقع ہے اور اسی روز تدفین عمل میں آئے گی۔ وہ  ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہوگئے ۔خاندانی ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ ان کے والد اختر رضوی گزشتہ روز استنبول روانہ ہوچکے ہیں اورہندوستانی وزارت برائے امورخارجہ کا بھرپورتعاون حاصل ہے ۔ ذرائع کے مطابق ترکی میں ہندوستانی سفیر نے ڈاکٹر اختر رضوی سے ایئرپورٹ پرملاقات کی اور وہ وزارت خارجہ کی ہدایت پر استنبول روانہ ہوچکے ہیں تاکہ دونوں ہندوستانیوں کے اہل خانہ کی مدد کرسکیں۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کی رات سال نو کی تقریبات کے دوران ایک کلب میں ہونے والے حملے میں 39 افراد ہلاک ہوگئے جن میں عابس رضوی اور گجرات کی ایک خاتون خوشی شامل تھی۔عابس مشہور سماجی، سیاسی اور تعلیمی شخصیت جناب اختر رضوی کے بڑے صاحبزادے ہیں اور چھوٹے بیٹے کاچند سال قبل ایک موذی مرض میں انتقال ہوگیا تھا۔ عابس رضوی کے بارے میں ایک ٹرسٹی نے کہا کہ رضوی ایجوکیشن سوسائٹی کی ترقی اور کامیابی میں انہوں نے نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مرحوم خصوصی طور پر کھیل کود میں دلچسپی لیتے تھے ۔کرکٹ ،فٹ بال، اور دیگر کھیلوں میں انہوں نے کافی دلچسپی دکھائی ۔مرحوم نے متعدد فلمیں بھی پروڈیوس کی تھیں ۔ان کی موت کی اطلاع پر بالی ووڈمیں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اوراداکار رندیپ ہودا نے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا اور انہیں ایک اچھا انسان قراردیا ہے ۔اداکارہ روینہ ٹنڈن، جاوید جعفری، شمع سکندر اور متعدد فن کاروں نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ۔