استقبال رمضان، غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

جدہ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) استقبال رمضان کے سلسلے میں سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب ہوئی۔ اس تقریب میں ہزاروں من عرق گلاب اور آب زم زم استعمال کیا گیا۔ مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ مشال بن عبد اللہ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے کعبتہ اللہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کی۔ حرم انتظامیہ کے سربراہ اور امام ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس، اعلیٰ سعودی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ غسل کی تقریب سے پہلے شاہی خاندان کے افراد نے طواف کعبہ کیا۔ کعبتہ اللہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب اور دیگر خوشبوؤں میں بھیگے ہوئے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا جبکہ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں اور ہتھیلیوں سے صاف کیا گیا۔ اس دوران خانہ کعبہ کا دروازہ ڈیڑھ سے دو گھنٹے کھلا رہا۔ تقریب غسل کے دوران خانہ کعبہ کے چاروں جانب پیرا ملٹری فورسز اور دیگر سیکورٹی حکام کا سخت پہرا رہا۔ خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو سال میں دو مرتبہ غسل دیا جاتا ہے۔ رمضان کی آمد سے پہلے اور نئے ہجری سال کے آغاز پر جبکہ غلافِ کعبہ کی تبدیلی ہر سال 9 ذی الحج کو ہوتی ہے۔