نئی دہلی 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فوائد کی راست منتقلی کے پراجکٹ کے بعد مرکزی حکومت نے اب راست گھر تک (ڈی ٹی ایچ) اسکیم کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ اِس اسکیم کی خامیوں کو دور کرتے ہوئے مختلف اسکیمات کے استفادہ کنندگان کو ملک بھر میں اُن کے استحقاق کے مطابق وظائف، مزدوری اور اُجرتوں کی راست گھر پر فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش نے کہاکہ یہ اسکیم آندھراپردیش میں شروع کی گئی ہے اور ایسا پروگرام شروع کرنے کی ضرورت اُس وقت محسوس کی گئی جب حکومت نے دیکھا کہ مختلف فلاحی اسکیمات کے فنڈس جائز مستحقین کے ہاتھوں تک پہونچنے کے بجائے ’کسی دوسرے مقام ‘ پر پہونچ جارہے تھے۔ مسٹر جئے رام رمیش نے نیم فوجی فورس ، سی آر پی ایف کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہاکہ آج رقومات کی فراہمی کیلئے ہمارے نظام میں صحیح ہاتھوں تک بہت کم اور غلط ہاتھوں تک بہت زیادہ رقومات پہونچ رہی ہیں۔