متحدہ آندھرا پردیش کی تلگو دیشم حکومت میں بھی اہم خدمات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست کی سیاست میں اپنا ایک اہم رول ادا کرنے والے رکن پارلیمان ورنگل مسٹر کے سری ہری تیسری مرتبہ وزارتی عہدے پر فائز ہوئے ، متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی سابق تلگو دیشم حکومت میں بھی مسٹر سری ہری چار مرتبہ اہم وزارتی عہدوں ( وزیر بڑی آبپاشی ، مارکیٹنگ ، سوشیل ویلفیر اور وزیر تعلیم ) پر فائز رہے اور اس طرح آج تیسری مرتبہ وزارتی عہدے کا حلف لیا ۔ مسٹر کے سری ہری جو بنیادی طور پر استاد رہ چکے ہیں تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہو کر اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا تھا اور تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور اس دوران سابق چیف منسٹرس این ٹی راما راؤ اور این چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت کابینہ میں ساڑھے نو سال بحیثیت وزیر اپنی خدمات انجام دیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے مسئلہ پر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے موقف و پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے مسٹر کے سری ہری نے ماہ مئی 2013 میں تلگو دیشم پارٹی سے استعفیٰ دیا اور اندرون دو یوم بعد فوری طور پر انہوں نے ( سری ہری نے ) صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کی ۔ تلگو دیشم پارٹی میں بھی وہ اہم عہدوں پر بشمول جنرل سکریٹری و پولیٹ بیورو رکن رہے اور جب تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوئے تو مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی انہیں ٹی آر ایس پولیٹ بیورو رکن کے عہدے پر فائز کیا ۔ مسٹر سری ہری اپنی تعلیم ورنگل میں حاصل کی اور بعد ازاں ایم ایس سی کی ڈگری عثمانیہ یونیورسٹی سے حاصل کی اور سال 1975 تا 1977 ضلع نظام آباد میں بحیثیت مینجر سنڈیکیٹ بینک خدمات انجام دیں ۔ بعد ازاں سال 1977 سے 1987 کے دوران بحیثیت جونیر لکچرار خدمات انجام دیں ۔ اور سال 1987 میں این ٹی راما راؤ کی قیادت میں تلگو دیشم پارٹی سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا ۔۔