اسامہ کو قتل کرنے والے امریکی کمانڈو کا نام منظر عام پر

واشنگٹن ۔ 6نومبر۔ (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی خصوصی دستے ’نیوی سیل‘ کے سابق رکن رابرٹ او نیل نے بتایا ہے کہ وہ وہی شخص ہے جس نے 2 مئی 2011ء کو ایبٹ آباد آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کو سر میں تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ یہ اطلاع برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دی ہے۔ 38 سالہ او نیل نے امریکی ٹی وی چینل فوکس کو انٹرویو میں بتایا کہ اس نے اپنا نام اس لئے منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اسے ان رعایات سے محروم کر دیا گیا ہے جو امریکی فوجیوں کو ریٹائر ہونے کے بعد فراہم کی جاتی ہیں۔ او نیل نے 20 سال کی بجائے 16 سال تک فوجی ملازمت کی، اس لئے اسے ان رعایات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ او نیل کا تعلق ریاست مونٹانا کے شہر بیوٹ سے ہے، وہ 19 سال کی عمر میں کمانڈوز کے دستے میں شامل ہو گئے تھا ، فوجی ملازمت کے دوران اس نے 400 سے زیادہ آپریشنز میں حصہ لیا ، اور اسے 52 انعام دیئے گئے تھے ۔