اساتذہ کو کلاس روم میں سیل فون کے استعمال پر انتباہ

فوری تحقیقات اور الزام ثابت ہونے پر معطلی بھی ممکن ۔ کڈیم سری ہری
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے کلاس رومس میں سیل فون پر بات کرنے والے گورنمنٹ ٹیچرس کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ اگر ٹیچرس کلاس رومس میں سیل فون پر بات کرتے پائے گئے یا شکایت کے وصول ہونے کی صورت میں فوری تحقیقات کروائی جائیگی اور تحقیقات میں ثابت ہونے پر فوری ان ٹیچرس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں خدمات سے معطل بھی کیا جائیگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر برائے اُمور تعلیم کے سری ہری نے بتایا کہ اکثر یہ شکایات انہیں وصول ہورہی ہیں کہ گورنمنٹ اسکولس میں ٹیچرس طلباء کو کلاس ورک کرنے مصروف کردیتے ہیں اور وہ سیل فون پر بات کرنے میں محو ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرس کے اس طریقہ کار پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی اور فوری کارروائی کی جائیگی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولس کے معیار تعلیم میں بہتری پیدا کرنے اور بہتر نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے موثر اقدامات کررہی ہے اور اس طرح گورنمنٹ اسکولس کے متعلق عوامی تاثر کو ختم کرکے گورنمنٹ اسکولس کے معیار تعلیم سے متعلق نیا اعتماد پیدا کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداران تعلیمات کو ہدایات دی جارہی ہیں اور وقتاً فوقتاً اچانک اسکولس کا دورہ کرنے کی متعلقہ عہدیداران تعلیمات کو ہدایت دے کر سرکاری اسکولس کے حالات میں بہتری پیدا کی جارہی ہے۔