اساتذہ کو پی آر سی بقایہ جات کی ادائیگی کا مسئلہ

بانڈز کی اجرائی کی تجویز کو قبول نہ کرنے مختلف تنظیموں کا اعلان
حیدرآباد 29 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کی مختلف اساتذہ تنظیموں نے پی آر سی بقایاجات کی ادائیگی بانڈز کی اجرائی کے ذریعہ کرنے یا ملازمین کے جی پی ایف میںشامل کرنے کے مسئلہ پر کمیٹی کے اعلان سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ کمیٹیوں کے نام پر وقت گذاری نہ کرتے ہوئے ملازمین سے انصاف کیا جائے ۔ پی آر ٹی یو مسٹر پی وینکٹ ریڈی اور جنرل سکریٹری پی مروتم ریڈی نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے حکومت کے طرز عمل پر تنقید کی اور کہا کہ وزیر فینانس ای راجندر کی جانب سے فی الوقت کونسل انتخابات کے نتائج اور پی آر سی بقایاجات کو ایک دوسرے سے مربوط کر کے بیان دیا جانا تمام ملازمین کو تشویش میں مبتلا کرچکا ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین صدر مسٹر راجی ریڈی اور جنرل سکریٹری مسٹر بھوجنگ راو نے ملازمین پی آر ایس بقایا جات کی ادائیگی میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی تاخیر پر حکومت تلنگانہ کو حدف ملامت بنایا اور بقایا جات رقومات کی بھی عاجلانہ ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ پی آر ٹی یو صدر مسٹر جی ہرش وردھن ریڈی جنرل سکریٹری مسٹر راملو ٹی پی ٹی ایف صدر مسٹر کونڈل ریڈی اور جنرل سکریٹری مسٹر منوہر راو نے بھی کہا کہ ملازمین پی آر سی بقایا جات رقومات کے تعلق سے بانڈز کی اجرائی بالکلیہ طور پر نیا طریقہ کار ہے اور یہ طریقہ کار ملازمین کیلئے ہر گز قابل قبول نہیں ہوگا ۔