جامعتہ المومنات کی بیسٹ ٹیچر ایوارڈ تقریب ‘ اساتذہ کو اعزازات ‘ محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔5ستمبر ( راست ) الحاج محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے جامعتہ المومنات مغلپورہ کے یوم اساتذہ کے بضمن منعقدہ بیسٹ ٹیچرس ایوارڈ تقریب میں 15 ممتاز تدریسی نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ایوارڈ کی تقسیم کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیچر‘ معلم ‘ مدرس جنت کے حقدار ہیں ‘ اپنی اولاد کی طرح دوسروں کی اولاد کی فکر کرتے ہیں ۔ ٹیچر کا شمار اللہ کے نیک بندوں میں ہوتا ہے ‘ وہ دینی تعلیم دیں یا عصری تعلیم دیں ‘ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کا حاصل کرنا بھی بیحد ضروری ہے ‘ وحی کا آغاز ’’ اقراء ‘‘ یعنی پڑھو کے ذریعہ سے ہی ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام نے تعلیم پر زیادہ زور دیا ہے ۔ ماں باپ کے بعد ہم مدرسین کی قدر کرتے ہیں ‘ اس لئے کہ وہ بچوں کے کردار کو سنوارتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچر کا مقام و مرتبہ بلند ہے ‘ ماں کی گود کے بعد استاذ بچے کی تربیت کا فریضہ انجام دیتے ہیں ۔ اس موقع پر محمد محمود علی نے کہا کہ ہندوستان سیکولر ملک ہے ‘ یہاں کا مسلمان سیکولرزم پر چلتا ہے ‘ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے مسلمانوں کو اہمیت دیتے ہوئے پہلی بار ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر مجھ کو فائز کیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت مسلم دوست ہے وہ ان کی زبان کی ترقی اور مالیہ استحکام پر توجہ دیتی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہا کہ جامعتہ المومنات دختران کی ایک عظیم درسگاہ ہے ۔ اس ادارہ کی تعلیمی سرگرمیوں سے میں بیحد متاثر ہوں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ یہ ایک بڑی یونیورسٹی میں تبدیل ہوجائے ۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد جعفر کی قرات ‘ حافظ محمد عبدالعلیم کی نعت شریف سے ہوا ‘ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مفتی عبدالواسع احمد صوفی نے انجام دیئے جبکہ صدارت مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعتہ المومنات نے کی ۔ خیرمقدمی کلمات ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات نے ادا کئے ۔ تقریب میں جامعہ ہذا سے 15 گورنمنٹ اساتذہ ‘ یونیورسٹی ‘ کالج ‘ اسکولس کو بدست الحاج محمد محمود علی بیسٹ ٹیچرس ایوارڈ تہنیت پیش کی گئی جن کے نام قابل ذکر ہیں ۔ ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نقشبندی ( اسوسی ایٹ پروفیسر عثمانیہ ڈنٹل کالج ) ‘ ڈاکٹر محمد ذوالفقار محی الدین صدیقی ( ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لینگویجس عثمانیہ یونیورسٹی ) ‘ ڈاکٹر محمد خواجہ مخدوم محی الدین ( اکیڈیمک اسوسی ایٹ اردو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی ) محمد مسعود الدین احمد ( صدر مدرس دارالشفاء ) ‘ محمد سعید شاکر ( صدر مدرس بوائز اسکول عیدی بازار) ‘ ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ ( اسکول اسسٹنٹ عربی گورنمنٹ اسکول دارالشفاء ) ‘ محمد عاکف الدین ( اسکول اسسٹنٹ اسلامیہ اسکول ) ‘ عظمت اللہ بیابانی ( صدر مدرس اسکول چھاؤنی ) ‘ ڈاکٹر ایس ایم سراج الدین ( صدر مدرس گورنمنٹ اسکول کھوکھر واڑی ) ‘ محترمہ او آر پی انوجا ( تلگو پنڈت ) ‘ احمد محی الدین ( عربک پنڈت نوریہ اورینٹل اسکول ) ‘ محمد عبدالنعیم ( صدر مدرس گرلز اسکول دبیرپورہ ) ‘ نادرہ بیگم ( صدر مدرس بوائز اسکول گوشہ محل ) شامل ہیں ۔ اس موقع پر الحاج محمد معز چودھری ‘ محمد احمد پاشاہ ‘ حافظ محمد عمران ‘ حافظ محمد ابراہیم ‘ حافظ محمد عظیم ‘ مولوی عابد صابری ‘ قاری محمد قادر محی الدین قادری وغیرہ شریک رہے ۔ پروفیسر سراج الرحمن فاروقی کی دعا پر تقریب کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔