ازبکستان افغانستان سے ایران تک ریلوے لائن بچھانے کا خواہش مند

نئی دہلی۔ 25 ۔ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ازبکستان نے افغانستان کے راستے ایران تک ریلوے لائن بچھانے کے لئے ہندوستان کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کے اگلے ہفتہ ہونے والے ہندوستان دورے سے قبل تاشقندسے یہاں آئے صدر کے خصوصی سفیر الہام نعماتوف نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ہیراتن سے مزار شریف تک ریلوے لائن موجود ہے ۔ مزار شریف سے ہرات اور وہاں سے ایران تک ریلوے لائن بچھانے کی پرانی تجویز ہے ۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان اس منصوبے میں شامل ہوتا ہے تو بہت اچھا ہوگا کیونکہ وہ اس کام کی اہلیت رکھتا ہے ۔