حکومت کی بہتر کارکردگی اور خود احتسابی کیلئے اپوزیشن ضروری
حیدرآباد ۔ 5۔ مارچ (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ وشویشور ریڈی نے اپوزیشن ارکان کے انحراف کی حوصلہ افزائی کو جمہوریت کا قتل قرار دیا۔ کونسل کے انتخابات سے قبل کانگریس کے ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے کی کوششوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن اور مخالفت کی آوازیں دراصل جمہوریت کا حصہ ہے ۔ اگر کوئی اپوزیشن کو ختم کرنا چاہے تو یہ جمہوریت کا قتل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدبختی کی بات ہے کہ ٹی آر ایس نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے اکسایا ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ قانون ساز کونسل میں کانگریس کا ایک بھی نمائندہ نہ رہے۔ اس طرح کی سوچ مناسب نہیں ہے اور جمہوریت کیلئے بھی خوش آئند نہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کی بہتر کارکردگی کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ایوانوں میں جمہوریت کی آواز برقرار رہے ۔ اپوزیشن کی موجودگی سے حکومت کو اپنا محاسبہ کرنے کا بہتر طور پر موقع فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے انحراف کی کوششوں کو فوری روکنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی اپوزیشن کو کمزور کرتے ہوئے ڈکٹیٹرشپ کے انداز میں کام کرنا چاہتی ہے ۔ وشویشور ریڈی نے دستوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوششوں پر تنقید کی اور کہا کہ ٹی آر ایس اور اس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ مخالفین کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔ یہ صورتحال جمہوری اداروں کو آزادانہ کام کرنے میں رکاوٹ پیدا کرگئی ۔