ارکان پارلیمنٹ منتخب کریں تو وزارت عظمی سنبھالنے پر غور

امیٹھی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت عظمی امیدوار بنانے کانگریس ورکرس کے مسلسل اصرارکے دوران راہول گاندھی نے کہا کہ اگر پارٹی مرکز میں برسر اقتدار آجائے اور منتخب ارکان پارلیمنٹ انہیں اس عہدہ کیلئے منتخب کریں تو وہ یقینی طور پر اس پر غور کریں گے ۔ راہول گاندھی نے حلقہ امیٹھی کے اپنے دو روزہ دورہ کے آخری دن میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس میں منتخب ارکان پارلیمنٹ ہی وزیر اعظم کا انتخاب کرتے ہیں۔ انتخابات کے بعد اگر ہماری پارٹی برسر اقتدار آجائے اور ارکان پارلیمنٹ انہیں منتخب کرلیں تو یقینی طور پر وہ اس تعلق سے غور کرینگے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ وزارت عظمی کی ذمہ داری قبول کرنے تیار ہیں ؟ ۔

راہول گاندھی نے کہا کہ خود منموہن سنگھ کو بھی منتخبہ ارکان پارلیمنٹ نے ہی چنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی وزیر اعظم کو منتخب کرنا ارکان پارلیمنٹ کا حق ہے اور یہ حق انہیں کو ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کسی وزارت عظمی امیدوار کو منتخب کرنا جمہوری عمل کا حصہ نہیں ہے بلکہ یہ شخصیت پرستی کا حصہ ہے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے حال ہی میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی سربراہ سونیا گاندھی نے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا تھا کہ راہول گاندھی کو وزارت عظمی امیدوار بنایا جائے ۔ راہول نے آج امیٹھی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں جمہوریت مستحکم نہیں ہے اور یہاں بھی شخصیت پرستی کا عروج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں شخصیت کا اثر زیادہ ہے ۔ بی ایس پی میں مایاوتی ٹکٹ بانٹتی ہیں جبکہ سماجوادی پارٹی میں صرف ایک خاندان ٹکٹ بانٹتا ہے ۔ یو پی میں ایسے ارکان اسمبلی ہیں جنہیں مناسب اندازْ میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ یہ واضح کئے جانے پر کہ کانگریس بھی صرف گاندھی خاندان چلاتا ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی 10 جن پتھ سے نہیں چلائی جاتی بلکہ اس میں زیادہ سے زیادہ جمہوریت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت یو پی میں مستحکم نہیں ہے اور عوام کو جوڑے بغیر جمہوریت نہ مستحکم ہوسکتی ہے اور نہ ترقیاتی کام ہوسکتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ وہ ریاست میں کانگریس حکومت کا قیام عمل میں لائیں گے ۔