نئی دہلی 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی پارٹیوں کے قائدین کا اپنے ارکان پارلیمنٹ پر قابو برقرار نہیں رہا۔ مرکزی وزیر وی نارائن سوامی نے کہاکہ آج اِن کی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی تلنگانہ مسئلہ پر لوک سبھا کی کارروائی میں خلل اندازی پیدا کی۔ وہ ایوان پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایوان کے وسط میں جمع ہوجانے اور نعرہ بازی سے ایوان کی کارروائی معطل ہوگئی۔ سیاسی پارٹیوں کے قائدین اپنے ارکان پارلیمنٹ پر قابو نہیں پاسکے۔
ایک انتہائی بدبختانہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پارلیمنٹ مباحث کا ایوان ہے۔ کوئی بھی مسئلہ جو عوام کے متعلق ہو، یہاں زیربحث آسکتا ہے۔ لیکن اِس کا ایک طریقہ کار بھی ہے۔ ارکان نوٹس دے سکتے ہیں اور ایوان میں کوئی بھی مسئلہ اُٹھاسکتے ہیں۔ آج تلنگانہ مسئلہ پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شوروغل اور ہنگامے کے مناظر دیکھے گئے تھے۔ تلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں علاقوں کے ارکان بلالحاظ پارٹی وابستگی اور ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج کررہے تھے۔ اِن میں کانگریس کے ارکان بھی شامل تھے۔