ارکان اسمبلی کے کیمپ آفس کی تعمیراتی رقم میں اضافہ کا مطالبہ

ایک رکن کا دو آفیس پر زور ، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا مسئلہ نظر انداز
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : عوامی منتخب نمائندے اسمبلی میں غریب عوام کے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کرنے کے بجائے اپنے لیے اسمبلی حلقوں میں ریسیڈنس کم کیمپ آفس کی تعمیرات کے بارے میں ایک دوسرے پر سبقت لیجاتے ہوئے سوالات کی بارش کی ہے ۔ سوالات کرنے والے ارکان اسمبلی کی اکثریت حکمران ٹی آر ایس جماعت سے ہے ۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں غریب و بے گھر افراد کے لیے ریاست میں 3 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ حکومت نے ہی وضاحت کی ہے کہ ابھی تک 4 سال کے دوران صرف 9 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے گئے ہیں ۔ تمام ارکان اسمبلی کو دوبارہ ووٹ مانگنے کے لیے عوام کے درمیان پہونچنا ہے ۔ مگر آج ارکان اسمبلی نے اپنے کیمپ آفس کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا ہے ۔ بیشتر ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہر اسمبلی ہیڈکوارٹر پر کیمپ آفس کی تعمیر کے لیے حکومت نے فی کس ایک کروڑ روپئے مختص کیا ہے ، جو ناکافی ہے ۔ حکومت اس رقم میں مزید اضافہ کریں یا ارکان اسمبلی کے ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ سے فنڈز کے استعمال کا ارکان اسمبلی کو اختیار دیا جائے ۔ چند ارکان اسمبلی نے فرنیچرس کے لیے اضافی فنڈز جاری کرنے ، باونڈری وال تعمیر کرنے ، سیکوریٹی عملہ کے لیے علحدہ رومس تعمیر کرنے ، ارکان اسمبلی سے ملاقات کرنے کے لیے پہونچنے والے عوام کو علحدہ بیت الخلاؤں کی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا ۔ ٹی آر ایس کی رکن اسمبلی شوبھارانی نے کہا کہ ان کا حلقہ کافی وسیع ہے لہذا ان کے لیے دو کیمپ آفس تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جس سے سارے ایوان میں قہقہہ گونج اٹھا ۔ حیدرآباد کے ارکان اسمبلی کہاں خاموش رہنے والے تھے انہوں نے بھی پوچھ لیا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست کے 119 ارکان اسمبلی کے لیے حلقہ کے ہیڈکوارٹرس پر ریسیڈنس کم کیمپ آفس تعمیر کرنے کا وعدہ کیا مگر شہر کے ارکان اسمبلی کو اس اسکیم سے کیوں محروم رکھا گیا ہے ۔ وزیر محکمہ عمارت و شوراع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ حکومت فی کیمپ آفس کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا اگر ارکان اسمبلی کو مزید فنڈز کی ضرورت ہے تو وہ اپنے حلقہ کے ترقیاتی فنڈز کو استعمال کرلیں ۔ 50 ارکان اسمبلی کے لیے کیمپ آفس تعمیر ہوگئے ہیں ۔ مزید 2 تا 3 ماہ میں اور 50 کیمپ آفس تعمیر ہوجائیں گے ۔ شہر حیدرآباد میں ارکان اسمبلی کے لیے 120 ایم ایل اے کوارٹرس تعمیر کردئیے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر ، اسپیکر اسمبلی صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل وقت دیتے ہیں تو جلد از جلد اس کا افتتاح کردیا جائیگا ۔۔