ارکان اسمبلی کی دَل بدلی ، کانگریس لوک پال سے رجوع

حیدرآباد۔/22مئی،( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس نے آج لوک پال کے انسداد رشوت ستانی شعبہ سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں ٹی آر ایس سیاسی رشوت ستانی میں ملوث ہے۔ سرکاری فوائد فراہم کرنے کا لالچ دے کر ٹی آر ایس نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو اپنی پارٹی میں شامل کیا ہے۔ دہلی میں لوک پال آفس میں ایک شکایت درج کراتے ہوئے تلنگانہ کانگریس جنرل سکریٹری منہوتا رائے نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور بعض ارکان اسمبلی کانگریس کے قائدین کو اپنی جانب لانے کیلئے انہیں سیاسی رشوت دے رہے ہیں۔ کانگریس کے 19 ارکان اسمبلی کے منجملہ زائد از 11 ارکان نے پارٹی سے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس نے قبل ازیں بھی الزام عائد کیا تھا کہ ٹی آر ایس اپوزیشن ارکان اسمبلی کو انحراف کی ترغیب دے رہی ہے۔ اس سلسلہ میں کانگریس نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے بھی شکایت کی تھی۔