ارکان اسمبلی کیلئے حلقہ جاتی ترقیاتی فنڈ کے تحت 168 کروڑ کی اجرائی

20ارکان کونسل کیلئے24 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے140 ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کے حلقہ جاتی ترقیاتی فنڈ کیلئے جاریہ مالیاتی سال کے بجٹ سے 168 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ جاریہ سال کے چوتھے سہ ماہی کے تحت یہ رقم جاری کی گئی تاکہ اسمبلی حلقہ جات میں ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکیں۔ پرنسپال سکریٹری پلاننگ کے رام کرشنا راؤ نے اس سلسلہ میں 2 علحدہ جی او جاری کئے۔ پہلے جی او کے تحت 140 ارکان اسمبلی اور کونسل کیلئے 168 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی جبکہ دوسرے جی او کے تحت گورنر کی جانب سے نامزد کردہ 20 ارکان کونسل کیلئے حلقہ جاتی ترقیاتی فنڈ کے طور پر 24 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ جی او آر ٹی 468 میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ہر ایم ایل اے اور ایم ایل سی کیلئے فی کس 75 لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی ہے ۔ اس کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی آبادی کے فیصد کے اعتبار سے ہر اسمبلی حلقہ کو 45 لاکھ روپئے کے حساب سے 63 کروڑ جاری کئے گئے۔ تمام ضلع کلکٹرس کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ حلقہ جاتی ترقیاتی فنڈ کے تحت موجودہ گائیڈ لائنس کے مطابق تمام ضروری کاموں کی منظوری دیں۔ وہ ارکان اسمبلی اور کونسل سے ترقیاتی کاموں کی تجاویز حاصل کریں گے۔ جاری کردہ رقم ضلع ٹریژری کے پی ڈی اکاؤنٹ میں جمع رہے گی اور ضلع کلکٹر کو یہ اکاؤنٹ آپریٹ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ جی او آر ٹی 469 کے تحت گورنرکے نامزد کردہ 20 ارکان کونسل کیلئے فی کس 75 لاکھ کے حساب سے 15 کروڑ جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے بھی رقومات منظور کی گئی ہیں۔ جی او میں ترقیاتی کاموں کے علاوہ اُن دیگر اسکیمات اور منظور کردہ رقم کی صراحت کی گئی جو ارکان اسمبلی اور کونسل کے تحت آتے ہیں۔ حکومت ارکان اسمبلی اور کونسل کے ترقیاتی فنڈ کیلئے پہلی، دوسری اور تیسری قسط جاری کرچکی ہے۔