ارکان اسمبلی کو ماہانہ 3لاکھ روپئے تنخواہ میں اضافہ کیلئے دستخطی مہم

حیدرآباد۔/14مارچ، ( سیاست نیوز) تنخواہوں میں اضافہ کیلئے تلنگانہ ارکان اسمبلی نے دستخطی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ مجالس مقامی کے نمائندوں کی تنخواہوں میں حکومت کی جانب سے زبردست اضافہ کے اعلان کے دوسرے ہی دن اسمبلی کی لابی میں آج تلنگانہ ارکان اسمبلی دستخطی مہم میں مصروف دیکھے گئے۔ یہ ارکان اسمبلی بڑھتے اخراجات کے سبب ان کی تنخواہوں میں اضافہ کی مانگ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماہانہ 3لاکھ روپئے تک اضافہ کیا جانا چاہیئے۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اس دستخطی مہم کے محرک ہیں اور دیگر جماعتوں کے ارکان کی دستخطیں بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ تمام ارکان کی دستخطیں حاصل کرنے کے بعد چیف منسٹر کو ایک یادداشت پیش کی جائے گی۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ کے مسئلہ پر تمام جماعتوں نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحدہ مظاہرہ کا فیصلہ کیا ہے۔