ارکان اسمبلی و کونسل کو ترقیاتی فنڈ اجرائی کے احکام

فی کس 1.5 کروڑ کے حساب سے 210 کروڑ کی اجرائی
حیدرآباد۔21جون(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے بجٹ کے لئے ریاست کے تمام ارکان اسمبلی اور کونسل کو 1.5کروڑ روپئے ترقیاتی فنڈ کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام ارکان اسمبلی اور کونسل کو ان کے اپنے حلقہ جات کے ترقیاتی فنڈس کے لئے مختص بجٹ 1.5کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے ہیں اور اس مقصد کیلئے جملہ 210کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میںلائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے جو 210کروڑ روپئے ترقیاتی بجٹ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہییہ رقومات مالی سال 2016-17 کے لئے مختص بجٹ کے بقایا جات میں سے ادا کی گئی ہیں اور مزید 30کروڑ روپئے سرکاری خزانہ میں موجود ہیں جو جاری کئے جانے ہیںاوربتایا جا رہا ہے کہ اس بجٹ کو سی ڈی پی کے تحت منظورہ کاموں میں استعما ل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ارکان اسمبلی اور کونسل کی جانب سے حلقہ کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کے سلسلہ میں کی گئی نمائندگیوں کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے ہر رکن اسمبلی اور کونسل کو سالانہ 3کروڑ روپئے ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اوراسی بجٹ میں سے 1.5کروڑ کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق ہر رکن اسمبلی اور رکن قانون ساز کونسل کو اپنے حلقہ میں 3کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام منظور کروانے کی اجازت حاصل رہے گی اس اعتبار سے ایک رکن اسمبلی یا رکن قانون ساز کونسل اپنی 5سالہ معیاد کے دوران اپنے حلقہ میں 15کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام انجام دے سکتا ہے ۔گذشتہ یوم جاری کئے گئے 210کروڑ سے قبل حکومت نے 2016-17کے بجٹ میں 240کروڑ جاری کردیئے ہیں اور اب جاری کی گئی دوسری قسط ہے جو حلقہ جات اسمبلی میں ترقیاتی کاموں کے لئے جاری کی گئی ہے۔