سابق پولیس کمشنر دہلی اور اسپیشل کمشنر کو مرکزی وزیر فینانس کے مکتوبات کا انکشاف
نئی دہلی ۔ 30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ارون جیٹلی کے خلاف جارحانہ تنقید جاری رکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بحیثیت صدر ڈی ڈی سی اے 2011 ء میں ارون جیٹلی نے اُس وقت کے پولیس کمشنر پر دباؤ ڈالا تھا کہ ایک خانگی بینک کے کرکٹ کلب کے بارے میں تحقیقات بند کردی جائیں ۔ پارٹی نے دو خطوط جاری کئے جو مبینہ طورپر جیٹلی نے سابق پولیس کمشنر دہلی بی کے گپتا اور اسپیشل کمشنر رنجیت نارائن کو تحریر کرکے اُن سے درخواست کی تھی کہ اس معاملہ کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے اور مقدمہ بند کردیا جائے اس لئے کہ ڈی ڈی سی اے نے کوئی غلطی نہیں کی ہے ۔ پارٹی نے جیٹلی کے استعفیٰ کا دوبارہ مطالبہ کیا کیونکہ تازہ انکشافات منظرعام پر آئے ہیں۔ گپتا کو 27 اکٹوبر 2011 ء کو مکتوب روانہ کیا گیا تھا جبکہ ایک مکتوب 3 مئی 2012 ء کو نارائن کو تحریر کیا گیا تھا ۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر قائد اشوتوش نے دعویٰ کیا کہ خطوط مرکزی وزیر فینانس کے بار بار بیانات کا پردہ چاک کردیں گے کہ اُن کا دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کی غلطیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا وہ 1999 ء سے 2013 تک اس کے صدر رہ چکے ہیں۔ اپنے مکتوب میں جو نارائن کو روانہ کیا گیا جیٹلی نے کہاتھا کہ بعض افراد بار بار دہلی پولیس سے ربط پیدا کرکے سنڈیکیٹ بینک کرکٹ کلب کی شناخت کے بارے میں شکایات درج کروارہے ہیں ۔ یہ شکایات مکمل طورپر بے بنیاد ہیں اور ان میں کسی جرم کا تذکرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ڈی ڈی سی اے کے بعض عہدیدار ہراسانی محسوس کررہے ہیں کیونکہ اُن سے اس بارے میں بار بار سوالات کئے جارہے ہیں ، اس لئے میں درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس معاملے کا جائزہ لیں ، اس کے ساتھ منصفانہ سلوک کریں اور مقدمہ بند کردیںکیونکہ ڈی ڈی سی اے نے کوئی غلطی نہیں کی ہے ۔ ربط پیدا کرنے پر ڈی ڈی سی اے نے کہاکہ کلب اُن کے تحت ہے اور فی الحال یہ محکمہ جاتی زمرے میں شامل ہے ۔ دو قسم کی کلبس موجود ہے ، ایک سرکاری دوسری خانگی ۔ ایک خانگی کلب کو رعایت حاصل ہوتی ہے جبکہ سرکاری کو رعایت نہیں دی جاتی لیکن دونوں میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی نے کہاکہ یہ ایک بہ قاعدگی ہے کہ صدرنشین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے سنڈیکیٹ بینک کی سرکاری کلب کو خانگی کلب میں تبدیل کردیا تھا ۔