ارون جیٹلی کا وجئے مالیا کیساتھ گٹھ جوڑ، فراری سے قبل ملاقات ہوئی

وزیر فینانس کا تردید کرنا دروغ گوئی، حکومت بھی رافیل معاملت اور مالیا کیس میں جھوٹ بول رہی ہے، راہول کی پریس کانفرنس

نئی دہلی ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شراب کے بڑے تاجر وجئے مالیا کے مسئلے پر حکومت اور ارون جیٹلی پر دروغ گوئی کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج دعویٰ کیا کہ وزیر فینانس نے ’’مجرم کے ساتھ گٹھ جوڑ‘‘ کیا اور اُسے ملک سے فرار ہوجانے دیا۔ یہ الزام ایسے دن سامنے آیا ہے جب کہ سابق سربراہ کنگ فشر ایرلائنز نے لندن میں کہا کہ انھوں نے ہندوستان چھوڑنے سے قبل جیٹلی سے ملاقات کی اور اپنے بقایاجات کی یکسوئی کردینے کی پیشکش کی، لیکن اس الزام کی وزیر فینانس ’’جھوٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے تردید کردی ہے۔ کانگریس سربراہ نے جیٹلی پر لفظی حملے میں شدت پیدا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایم پی پی ایل پونیا نے انھیں یکم مارچ 2016ء کو (وزیر فینانس کو) مالیا کے ساتھ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں بیٹھے دیکھا تھا اور اُن کے ساتھ 15-20 منٹ کی تفصیلی میٹنگ منعقد کی۔ پونیا نے کہا کہ انھوں نے جیٹلی اور مالیا کو رازداری سے بات کرتے ہوئے دیکھا تھا جب وہ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں تھے۔ پونیا نے کہا: ’’3 مارچ کو ہم نے میڈیا سے سنا کہ وہ (مالیا) 2 مارچ کو ملک سے فرار ہوگئے۔ میں نے یہ باتیں میڈیا کے ساتھ میرے ہر انٹرویو میں وضاحت کے ساتھ کہی ہیں۔ وہاں سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، ہم سب ثبوت کیلئے دیکھ سکتے ہیں۔ اگر میں غلط ہوں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔‘‘ راہول گاندھی نے جیٹلی کو یکم مارچ کا سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کا چیلنج کیا۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’مسٹر جیٹلی جھوٹ بول رہے ہیں، حکومت رافیل کے بارے میں جھوٹ بول رہی ہے اور حکومت وجئے مالیا کے تعلق سے (بھی) جھوٹ بول رہی ہے۔ اُس میٹنگ میں مسٹر مالیا کے ملک چھوڑنے سے متعلق طریقہ کار پر بات ہوئی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ وجئے مالیا کو وزیر فینانس نے ملک سے نکل جانے کا محفوظ راستہ فراہم کیا اور وزیر فینانس صاف طور پر بول چکے ہیں کہ مجرم نے انھیں بتایا تھا کہ وہ بھاگنے والا ہے۔ تو آپ نے اُسے فرار ہونے کیوں دیا؟ آپ نے اُسے روکا کیوں نہیں کیونکہ آپ کا اُس کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔ اس معاملے کو کھلا اور واضح گٹھ جوڑ قرار دیتے ہوئے راہول نے کہا کہ جیٹلی اور مالیا کے درمیان کچھ تو معاملت ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر فینانس کو مستعفی ہوجانا چاہئے اور اس معاملہ کی تحقیقات ہونا چاہئے۔ ’’مجرم نے انھیں بتایا تھا کہ میں لندن کو فرار ہونے والا ہوں۔ وزیر فینانس سرعام قبول کرچکے ہیں کہ انھیں ایک مجرم نے کہا ہے کہ وہ (ملک سے) بھاگنے والا ہے اور وزیر فینانس نے کچھ نہیں کیا، سی بی آئی کو مطلع نہیں کیا، اور نہ ہی ای ڈی کو اطلاع دی۔ اس کا کیا مطلب ہے؟ اس کا مطلب ہے وہ مجرم کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ سیدھی سی بات ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا کانگریس تحریک مراعات پیش کرے گی، انھوں نے کہا کہ پارٹی جو کرسکتی ہے ضرور کرے گی۔ تاہم ، جیٹلی کو پہلے وضاحت کرنا پڑے گا کہ انھوں نے بے عملی کیوں دکھائی جب انھیں بتایا گیا کہ مالیا ’’لندن کو فرار ہونے والا‘‘ ہے۔ انھوں نے یہ بھی جاننا چاہا کہ ’’پارلیمنٹ ہاؤس میں جنٹلمین‘‘ کے ساتھ جیٹلی کی ’’تفصیلی ملاقات‘‘ میں آخر کیا بات ہوئی۔ چہارشنبہ کو جیٹلی کی سختی سے تردید کے فوری بعد مالیا نے اپنے تبصرے کی سنگینی کو ماند کرنے کی کوشش میں کہا کہ اس مسئلے پر کوئی تنازعہ پیدا کرنا منصفانہ نہیں کیونکہ وہ کوئی ’’باقاعدہ میٹنگ‘‘ نہیں تھی اور وہ بس اتفاق سے وزیر فینانس سے ملے تھے۔ وزیر فینانس نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ 2014ء سے میں نے انھیں کبھی مجھ سے ملاقات کیلئے وقت نہیں دیا اور اُن کا مجھ سے ملاقات کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔