مجسمہ امبیڈکر کے روبرو احتجاج ، عام آدمی قائدین و کارکن گرفتار
حیدرآباد۔3مارچ(سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی کے قائدین کے احتجاجی دھرنے کو پولیس نے اس وقت ناکام بنادیا جب عام آدمی پارٹی کے قومی کنونیر وچیف منسٹر دہلی اروند کجریوال پر ملک سے غداری کے ایک مقدمہ میںایل بی نگر پولیس کی ایف آئی آر سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ تفصیلات کے بموجب3مارچ کو عام آدمی پارٹی تلنگانہ اسٹیٹ کنونیر پربھاکر ریڈی‘ ترجمان پروفیسر پی ایل ویشویشوار رائو‘ انیتا جیسوال ‘ محمد خالد کے علاوہ عآپ کے دیگر کارکنوں نے ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر مجسمہ کے روبرو عآپ کے قومی قائد اروند کجریوال کے خلاف درج کردہ ایف آئی آر سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر پولیس نے عام آدمی پارٹی قائدین کے منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ قبل ازیںپروفیسر ویشویشوار رائونے پولیس کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ ریاست میںپولیس غنڈہ راج کررہی ہے۔ انہوںنے تلنگانہ حکومت کو مودی حکومت کے طرز پر کام کرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ سرکاری مشنری کو جمہوری آواز دبانے کے لئے استعمال کررہی ہے ۔