اروند کجریوال، مودی کے خلاف امیدوار ہوں گے

کانپور 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال وارناسی سے نریندر مودی کے خلاف امیدوار ہوں گے۔ اگر چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کا وارناسی سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تو اروند کجریوال ان سے ٹکر لیں گے۔ کجریوال کی تقریر سے قبل ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی لیڈرسنجے سنگھ نے کجریوال سے اپیل کی کہ وہ وارناسی سے مودی کے خلاف مقابلہ کریںکیونکہ یہ گمان ہورہا ہے کہ بی جے پی وزارت عظمی کی امیدوار وارناسی سے مقابلہ کرنے والے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے ایک اور سینئر لیڈر منیش سیسوڈیہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم وارناسی کی عوام سے خواہش کرتے ہیں کہ اروند کجریوال نے مکیش امبانی کے خلاف جن سوالات کو اٹھایا ہے ان کا جواب نریندر مودی سے طلب کریں۔

اروند کجریوال یہ تمام سوالات مودی کے سامنے رکھیں گے ۔ وارناسی میں اگر مقابلہ ہوتا ہے تو مودی کے خلاف کچا چھٹا کھول کر رکھ دیا جائے گا۔ سابق چیف منسٹر دہلی جنہوں نے از خود یہ اشارہ دیا تھا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہیں کریں گے ۔ جلسہ میں اس تقریر کے دوران اس مسئلہ پر خاموش رہے ۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ میں پارٹی کی جانب سے اروند کجریوال سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مودی کا ضرور مقابلہ کریں ۔ ان کی درخواست کی حمایت پارٹی کے تمام قائدین نے کی ۔ ریلائنس کے گیس مسئلہ پر ہم نریندر مودی اور راہول گاندھی سے برابر سوال کررہے ہیں لیکن کوئی جواب نہیں آرہا ہے ۔ راہول گاندھی کے خلاف امیٹھی سے عام آدمی پارٹی کے کمار وسواس مقابلہ کریں گے اور اس مسئلہ کو اٹھائیں گے۔اسی دوران اروند کجریوال نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی پارٹی لوک سبھا انتخابات میں 100 نشستیں حاصل کرے گی۔