ارونا چل پردیش کے عوام کو منسلکہ ویزا کی اجرائی خیر سگالی :چین

نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے اروناچل پردیش کے شہریوں کو منسلکہ ویزا جاری کرنے کی پالیسی کو درست قرار دیتے ہوئے اسے ’’جذبہ خیر سگالی‘‘ کے مظاہرے سے تعبیر کیا۔ چین نے کہا کہ اس طرح کی پالیسی سے ہندوستان اور چین کے موقف کی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا ۔ ارونا چل پردیش کے بڑے حصوں پر دونوں ممالک کے مابین تنازعہ برقرار ہے ۔ چین کے دورہ کنندہ وزیر خارجہ ویانگ ای نے کہا کہ چین نے مقامی عوام کی سفری ضرورت کو پورا کرنے کیلئے خصوصی انتظام کرتے ہوئے انہیں منسلکہ ویزا جاری کیا ہے ۔ یہ خیر سگالی اور لچک کا مظاہرہ ہے اور اگر ہم ایسا نہ کریں تو پھر ان عوام کے بیرونی سفر کی تشویش کو دور کرنا بھی مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر منسلکہ ویزا کو ہندوستان قبول کرتا ہے تو اسے مستقبل میں بھی جاری رکھا جاسکتا ہے ۔ ایسا کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ سرحدی مسئلہ پر سمجھوتہ ہوگیا یا پھر ہمارا موقف کمزور ہوا ہے اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ عوام کا مسئلہ حل ہوجائے ۔ ویانگ ای نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی جبکہ اپنے دو روزہ دورہ میں انہوں نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیر اعظم منموہن سنگھ سے بھی ملاقات کی ۔ واضح رہے کہ چین ارونا چل پردیش کے شہریوں کو منسلکہ ویزا جاری کررہا ہے اور ہندوستان نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے ویزا کو تسلیم نہیںکرتا ۔