ایٹا نگر۔یکم جولائی،( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مملکت برائے ماحولیات و جنگلات (آزادانہ چارج ) پرکا ش جاوڈیکر نے تیقن دیا کہ و ہ جنگلات کی جلد از جلد صفائی کروائیں گے تاکہ 3000میگا واٹ دیبانگ ہائیڈرو پاور پراجکٹ ارونا چل پردیش میں قائم کیا جاسکے۔ جاوڈیکر کا یہ تیقن ایسے وقت منظر عام پر آیا جبکہ چیف منسٹر نابم ٹوکی نے کل نئی دہلی میں ان سے ملاقات کی تھی۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزیر نے اجلاس کے دوران کہا کہ ان کی وزارت پورے جنگلاتی اور ماحولیاتی منظوری کے نظام میں ردوبدل کرے گی تاکہ ریاست میں ہائیڈرو پاور پراجکٹس پر تیز رفتار عمل آوری ممکن ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ معیاروں میں ترمیم کی جائے گی تاکہ بین الاقوامی سرحد سے 100میٹر کے اندر پراجکٹ قائم کرنے کیلئے منظوری لازمی نہ ہوسکے۔