اروناچل پردیش ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ‘ حکومت کا بیان

نئی دہلی 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج واضح کردیا کہ اروناچل پردیش ہندوستان کا اٹوٹ اور ناقابل علیحدگی حصہ ہے اور یہ بات کئی موقعوں پر چین پر واضح کردی گئی ہے ۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ خارجہ وی کے سنگھ نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سرحد پر امن ہندوستان و چین کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین ہندوستان و چین کے مابین بین الاقوامی سرحد پر تنازعہ رکھتا ہے ۔ اس کا اروناچل پردیش کی 90,000 مربع کیلومیٹر اراضی پر ادعا ہے ۔

کسانوں کو ’’بزدل‘ ‘قرار دینے پر ہریانہ کے وزیر تنقید کا نشانہ
نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن کانگریس نے آج ہریانہ کے وزیر پر تنقید کی کہ انہوں نے کسانوں کو ’’بزدل‘‘ قرار دیا ہے۔ جو کسان خودکشی کررہے ہیں انہیں ’’بزدل‘‘ قرار دے کر ہریانہ کے وزیر نے کسانوں کی زندگیوں کو مذاق بنا لیا ہے۔ کانگریس نے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ وزیر کے خلاف کارروائی کریں۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ ہریانہ حکومت کے وزیر نے خودکشی کرنے والے کسانوں کو بزدل سے تعبیر کیا ہے اور ان کی یہ حرکت مجرمانہ نوعیت کی ہے۔ کانگریس کے رکن آنند شرما نے وقفہ صفر کے دوران مسئلہ کو اٹھایا تھا۔