قومی تحقیقاتی ایجنسی کو بھی کیس سپرد کیا جاسکتا ہے : گورنر
ایٹانگر۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گورنر اروناچل پردیش جیوتی پرساد راج کھووا نے کہا کہ وہ بہت جلد اروناچل پردیش سے بعض کیسوں کی تحقیقات سی بی آئی کے ذریعہ کرانے کی سفارش کریں گے یا بعض کیسوں کو قومی تحقیقاتی ایجنسی کے سپرد کردیا جائے گا۔ گورنر سے جن آندولن کمیٹی اور پیپلز پارٹی اروناچل کے نمائندوں نے کل راج بھون میں ملاقات کی تھی۔ ان کے سامنے گورنر نے بعض کیسوں کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کی سفارش کی تھی۔ راج بھون کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں نظم و نسق کو ٹھپ کرتے ہوئے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔ جن لوگوں نے لا اینڈ آرڈر توڑا ہے، ان کے خلاف بھی اقدامات کئے جائیں گے اور ریاست میں صدر راج کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ ایک ہنگامی اقدام ہے اور اس فیصلہ کو عارضی مرحلہ سمجھا جائے۔ بہت جلد یا بہ دیر جمہوری طور پر منتخب حکومت کو ہی اقتدار حوالے کیا جائے گا، تاہم اس وقت تک لا اینڈ آرڈر کی برقراری کو یقینی بنانے موثر اقدامات کئے جائیں گے اور ہم ایک اچھی حکومت دینے کی بھی کوشش کریں گے۔