اروناچل پردیش کو کبھی تسلیم نہیں کیا : چین

بیجنگ ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج کہا کہ اس نے کبھی اروناچل پردیش کے وجود کو تسلیم نہیں کیا جبکہ اس نے میڈیا کی اس رپورٹ کے بارے میں خاموشی برقرار رکھی ہے کہ اس کے فوجی دستوں نے سرحد پار ہندوستانی سمت اس سرحدی ریاست میں دراندازی کی۔ چینی وزارت خارجہ ترجمان گینگ شوانگ کا یہ ردعمل اس میڈیا رپورٹ پر سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ چینی دستے اروناچل پردیش میں ہندوستانی علاقہ میں تقریباً 200 میٹر تک گھس کر بالائی ضلع سیانگ کے ایک موضع تک پہنچ گئے تھے۔ گینگ نے میڈیا بریفنگ کو بتایا کہ سب سے پہلے یہ بات نوٹ کیجئے کہ سرحدی مسئلہ پر ہمارا موقف واضح اور پراستقلال ہے۔ ہم نے کبھی نام نہاد اروناچل پردیش کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔ جس مخصوص صورتحال کے بارے میں پوچھا جارہا ہے اس کا مجھے علم نہیں۔ چین کا دعویٰ ہیکہ اروناچل پردیش جنوبی تبت کا حصہ ہے۔ ہند ۔ چین سرحدی تنازعہ حقیقی خط قبضہ (ایل اے سی) کے پاس 3,488 کیلو میٹر کا احاطہ کرتا ہے۔ چینی دستوں کی دراندازی کا واقعہ گذشتہ ماہ کا بتایا جاتا ہے جب وہ تعمیراتی مشنری کے ساتھ گھس آئے تھے جنہیں ہندوستانی سپاہیوں نے روکا۔