ایٹا نگر۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سیلاب کی صورتحال اروناچل پردیش میں سنگین ہوگئی ہے کیوں کہ دریائے نووا میں سیلاب آگیا ہے اور قومی شاہراہ نمبر 52 زیر آب آگئی ہے۔ 100 سے زیادہ خاندان دیہات لیکانگ میں باقی اروناچل پردیش سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ سیلاب کی تازہ لہر کی وجہ سے کئی خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی اور اعلی عہدیداروں کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کیا۔ بعدازاں ٹی وی پر صورتحال کی تفصیلات بتائیں۔ سیلاب کی صورتحال چونگ کھام سرکل میں بھی تشویشناک ہوچکی ہے۔ سطح آب کئی اضلاع میں خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ چکی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ضلع لوہت میں بھی سیلاب کی صورتحال ابتر ہے کیوں کہ کئی میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر دانش اشرف نے غذائی اجناس کے ذخیرے، پانی کی سربراہی اور مشنری کا جائزہ لیا جو انڈو۔تبتن بارڈر پولیس اور بارڈر روڈ ٹاسک فورس کے پاس موجود ہے تاکہ سیول انتظامیہ ان کی مدد کرے سکے اور جب بھی ضرورت ہو ان کے کام آسکے۔