حیدرآباد ۔ 7؍ ستمبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے ) کے نئے صدر کی حیثیت سابق کرکٹر مسٹر ارشد ایوب منتخب ہوئے۔ 50 سال کے طویل عرصہ کے بعد صدر کرکٹ اسوسی ایشن کے انتخابات ہوئے جس میں مسٹر ارشد ایوب نے اپنے حریف جی ونود کو133 ووٹ سے شکست دے دی ۔ 1964 میں ایچ سی اے کے انتخابات ہوئے تھے لیکن اسوسی ایشن کے دستور میں ترمیم کرتے ہوئے اسو سی ایشن کے سینئر نائب صدر کو صدر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ لیکن اس دستور میں دوبارہ ترمیم کرتے ہوئے ایچ سی اے کے صدارت کے لئے انتخابات لازم کئے گئے تھے جس کے سبب مسٹر ارشد ایوب نے صدر ایچ سی اے کے لئے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور انہیں شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے حریف جی ونود نے صرف 75 ووٹ حاصل کئے ۔ ارشد ایوب پیانل کے جملہ 12 ارکان میں 11 کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ ان انتخابات میں نائب صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی حیثیت سے مسٹر نریندر گوڑ نے 148 ووٹ سے کامیابی حاصل کی ۔جبکہ مسٹر پی یادگیری نے 122 ‘ مسٹر پرکاش چند جین 123‘ مسٹر سریندر اگروال 132 اور سید معزالدین نے 123 ووٹ سے کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ اسوسی ایشن کے سکریٹری کی حیثیت سے جان منوج نے 119 ووٹ سے کامیابی حاصل کی اور خازن کی حیثیت سے مسٹر دیوراج نے 115 ووٹ حاصل کئے ۔ جنرل سکریٹری کی حیثیت سے پرشوتم اگروال نے 135 ووٹ سے کامیابی حاصل کی جبکہ وجئے آنند نے 144 ووٹ سے کامیابی حاصل کی ہے ۔