راشن کارڈ گیرندوں سے شکایتیں، محکمہ سیول سپلائز کا سخت گیر موقف
حیدرآباد 3 جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں موجود ارزاں فروشی کی دوکانات پر راشن کارڈ گیرندوں کو پیش آرہی مشکلات کو دور کرنے کے لئے محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے تاحال اچانک دھاوؤں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راشن کارڈ گیرندوں کی جانب سے متعدد شکایات کی وصولی کے بعد محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے سرکل واری اساس پر ارزاں فروشی کی دوکانات کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر کے بیشتر مقامات بالخصوص سلم علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام اس بات کی شکایت کررہے ہیں کہ ارزاں فروشی کی دوکانات پر اُنھیں وقت پر راشن فراہم نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ علاوہ ازیں بعض علاقوں سے کالا بازاری کی بھی شکایات موصول ہورہی ہیں جسے روکا جانا بے انتہا ضروری ہے۔ پرانے شہر کے ارزاں فروشی کی دوکانات کے ذمہ داران کی جانب سے وقت پر دوکانات نہ کھولے جانے کے علاوہ راشن نہ دیئے جانے کی شکایات عام ہوچکی ہیں۔ سال گزشتہ کے اوائل میں محکمہ سیول سپلائز کے اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم نے پرانے شہر کے مختلف مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے بدعنوان ڈیلرس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی تھی جس کے نتیجہ میں کچھ عرصہ تک عوام کو مشکلات و تکالیف سے راحت ملی تھی لیکن گزشتہ چند ماہ سے دوبارہ عوام کو ہراسانی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ بعض دوکان مالکین مخصوص اوقات کے علاوہ مخصوص ایام میں ہی دوکان کھولتے ہیں اور جب دوکان کھلی ہو اُس وقت ہی راشن فروخت کیا جاتا ہے۔ بعدازاں کئی دن اور ہفتوں تک دوکانات مقفل ہوتی ہیں جس کی وجہ سے راشن کارڈ گیرندوں کو مصائب سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ چونکہ وہ بار بار دوکان کے کھلنے کا انتظار کرتے ہوئے چکر کاٹنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے عنقریب دوبارہ اچانک دھاوؤں کے ذریعہ عوام کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ سیول سپلائز آئندہ چند ہفتوں کے دوران ٹول فری نمبر کے ذریعہ شکایات کی وصولی کے متعلق منصوبہ بندی کررہا ہے جس کے ذریعہ شکایت کنندہ اپنے ڈیلر کے متعلق محکمہ کو راست شکایت کرسکتے ہیں۔