اردو ۔ہندی کلچرل اسوسی ایشن نیوزی لینڈ کا مشاعرہ

آکلینڈ۔25مئی ( سید مجیب کی رپورٹ)اردو ۔ہندی کلچرل اسوسی ایشن کا سالانہ مشاعرہ ‘ ہندی کوی سمیلن اور ساز پر کلام پیش کرنے کی ’شام غزل‘ کے علاوہ اسوسی ایشن کے ترجمان سالانہ رسالہ ’’دھنک‘‘ کی رسم اجراء کی شاندار کامیاب تقریب آکلینڈ میں منعقد کی گئی ۔ نیوزی لینڈ کے ہندوستانی نژاد رکن پارلیمنٹ کنول جیت سنگھ بخشی نے رسم اجراء انجام دینے کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو قوم اپنی زبان اور ثقافت کی حفاظت کرتی ہے پوری دنیا میں اس کا وقار ہمیشہ قائم رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان اور ثقافت کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نامور اردو شاعر اور اسوسی ایشن کی مشاورتی بورڈ کی رکن فرحت رعنا ملک اور ان کی دختر کے دوہرے قتل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی کسی واردات کی پولیس کو فوری اطلاع دینا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ‘ ورنہ مقامی قانون کے مطابق انہیں بھی اعانت جرم کا مجرم قرار دیا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک پُرامن ملک ہے اور ایسے واقعات ناقابل برداشت ہے ۔ صدرمسلم فیڈریشن انور غنی نے پہلی مرتبہ مشاعرہ میں شرکت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرے ہماری تہذیب کا حصہ ہے ۔ رسالہ دھنک کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی معیاری اور ہمہ جہتی رسالہ ہے ۔

انہوں نے خواہش کی کہ سالانہ مشاعرہ اور رسالہ کی اشاعت جاری رہنی چاہیئے ۔ پروفیسر ڈاکٹر اسد محسن متوطن یو پی کی زیر صدارت مشاعرہ منعقد ہوا ۔ خاتون اناپالا متوطن پیجی نے رعنا ملک کے قتل پر اردو میں اظہار تعزیت کیا اور دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ پروگرام کی کنوینر روپا سچدیو تھیں ۔ نفیس اختر صدر اسوسی ایشن نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ معتمد عمومی سید مجیب نے ادارہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ مشاعرہ کی نظامت فرح رئیس علوی نے انتہائی شاندار انداز میں انجام دی ۔ مشاعرہ اور کوی سمیلن شرکت کرنے والے منجیت سنگھ ‘ سومناتھ گپتا ‘ لال مدن ‘ غوث نجیب ‘ شیوبھاگیرت ‘ سمن کپور ‘ سید مجیب اور شفیع حیدر صدیقی دانش متوطن پاکستان نے اپنا ہندی اور اردو کلام پیش کیا ۔ سید مجیب اور دانش پاکستانی نے اپنی مرصع غزلوں سے مشاعرہ لوٹ لیا ۔ شام غزل میں گلوکار اربھ سرن سنگھ ‘ ارویندرواسودیو‘ پنکج اروڑہ ‘ ییشی یمانی نے اردو غزلیں اور ہندی کویتائیاں ساز پر پیش کی ۔

ہارمونی اورطبلہ پر درمیش پاریکھ ‘ گیٹار پر اکھلیش مدھر ‘ وائیلن پر شامنت نے سنگت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر اسد محسن نے اسوسی ایشن کے ترجمان سالانہ رسالہ دھنک کا رسم اجراء انجام دیا ۔ غوث مجید نے شعراء ‘ کوئیوں ‘ گلوکاروں ‘ موسیقاروں اور سامعین کاشکریہ ادا کیا ۔ 11بجے شب یہ رنگارنگ تہذیبی و ثقافتی پروگرام ایک گھنٹہ تاخیر سے اختتام پذیر ہوا ۔ نیوزی لینڈ حالانکہ اردو زبان سے ناواقف ہے لیکن یہاں کے عوام کو اردو ۔ ہندی کلچرل اسوسی ایشن کے اُس سالانہ مشاعرہ ‘ کوی سمیلن اور شام غزل کا شدت سے انتظار رہتا ہے ۔ رسالہ دھنک اسوسی ایشن کا ترجمان ہے جس میں سیاحتی ‘ ثقافتی ‘ سیاسی اور ادبی موضوعات پر جامع مضامین شائع کئے جاتے ہیں ۔ یہ رسالہ سہ لسانی ہے اور اردو کے علاوہ ہندی اور انگریزی میں بھی شائع کیا جاتا ہے ۔ اس میں مضامین کے علاوہ غزلیں اور ہندی کویتائیاں بھی شامل ہوتی ہیں ۔