حیدرآباد، 13؍ جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، تعلیمی سال 2018-19 میں داخلوں کے لیے مختلف کورسز پی ایچ ڈی، شعبۂ تعلیم و تربیت کے کورسز، بی ٹیک، پالی ٹیکنیک اور دیگر انٹرنس پر مبنی کورسز کے لیے 26 اور 27؍ مئی 2018 کو منعقدہ انٹرنس ٹسٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یہ نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.manuu.ac.in پر ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں۔تمام پی ایچ ڈی پروگراموںکے انٹرنس ٹسٹ میں کامیاب امیدواروں کی فہرست ‘انٹرویو کی تاریخ اور دیگر تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہے۔ڈی ایل ایڈ‘ بی ایڈ‘ ایم ایڈ‘ بی ٹیک‘ ایم ٹیک‘ ایم بی اے اور ایم سی اے میں داخلہ کے لیے منعقدہ انٹرنس ٹسٹ کی عبوری رینک فہرست بھی یونیورسٹی ویب سائٹ پر پیش کی گئی ہے۔ اِن پروگراموں کی کونسلنگ و داخلہ شیڈول اور دیگر متعلقہ تفصیلات کی اطلاع 25 جون کو ویب سائٹ پر دی جائے گی۔پالی ٹیکنک‘ ڈپلومہ ان انجینئرنگ میں داخلہ کے لیے اہل امیدواروں کی پہلی کونسلنگ 26 جون 2018 کو اُن کے منتخبہ سنٹروں پر ہوگی۔ بی ایڈ (فاصلاتی) کے لیے اسناد کی تنقیح 20؍ جون کو صبح 9 بجے ہوگی۔ جبکہ 21؍ جون 9 بجے کونسلنگ ہوگی۔
شہر حیدرآبادمیں رمضان کی خریداری ،بارش کے سبب مشکلات
حیدرآباد 13 جون ( یو این آئی) جیسے جیسے عید قریب آتی جارہی ہے ، شہر حیدرآباد کے چارمینار، پتھر گٹی، مدینہ اور دیگر علاقوں میں خریداروں کے ہجوم میں اضافہ ہی دیکھا جارہا ہے اور عید کے لئے خریداری عروج پر دیکھی جارہی ہے ۔شہر کے مشہور تجارتی مرکز چارمینار،پتھرگٹی اور گلزار حوض میں گزشتہ دو دنوں سے وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی جس کے سبب ٹریفک نظام پراثر پڑا۔اس مصروف علاقہ میں بے ہنگم ٹریفک سے خریداری کرنے آنے والوں اور تاجرین کو کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔ نئے پل سے چارمینا رتک رمضان کے دوران بے ہنگم ٹریفک پر اقدامات ضروری ہیں ،بارش کے سبب کئی علاقوں میں تر کچرا نظرآیا جس کی نکاسی کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اقدامات نہ کرنے کے سبب چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے کاروبار متاثر ہوئے ۔