اردو یونیورسٹی میں یو جی سی کا مفت اوپن کورس پر کل ورکشاپ

حیدرآباد، 29؍اگست (پریس نوٹ) یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) اپنے جنوب مشرقی علاقائی دفتر (ایس ای آر او) کے زیر اہتمام مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں 31؍ اگست صبح 10 بجے سے ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کر رہا ہے۔ اس ورکشاپ میں Swayam پر چلائے جارہے MOOCs (مفت اوپن کورس) کورسز کی تیاری، ان کو اختیار کرنے اور ان کی ترویج کی تربیت دی جائے گی۔ ڈاکٹر جی سرینواس، جوائنٹ سکریٹری، یو جی سی – ایس ای آر او نے بتایا کہ اس ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹیوں اور کالجوں کی سرگرم شراکت کے ذریعہ ’’سویم‘‘ کی رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔ پروفیسر رجنیش جین، سکریٹری یو جی سی اس ورکشاپ کا افتتاح کریں گے اور افتتاحی خطبہ دیں گے۔ جناب شراون کمار، آئی اے ایس، جوائنٹ سکریٹری، وزارت فروغ انسانی وسائل، حکومت ہند صدارت کریں گے۔ محترمہ ڈاکٹر پنکج متل ، ایڈیشنل سکریٹری، یو جی سی – دہلی، جناب نوین متل، آئی اے ایس، کمشنر آف کالجیٹ ایجوکیشن، حکومت تلنگانہ، پروفیسر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر ، مانو افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس ورکشاپ میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، تاملناڈو، پوڈوچیری اور جزائر انڈمان و نکوبار کے وائس چانسلرس / ڈینس ، یونیورسٹیوں کے سویم کوآرڈینیٹرس؛ شعبۂ اعلیٰ تعلیم کے افسران، پرنسپل اور کالجوں کے منٹرس شرکت کریں گے۔ حکومت ہند ، وزارت فروغ انسانی وسائل اور یو جی سی کی ایک اہم پہل اسٹڈی ویب آف ایکٹیو لرننگ فار ینگ مائنڈس (SWAYAM) ایک مربوط پلیٹ فارم ہے جس میں بڑے پیمانے پر مفت آن لائن کورسز فراہم کیے جارہے ہیں۔