حیدرآباد‘ 4؍ جنوری (پریس نوٹ): مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے مر کز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذۂ اردو ذریعۂ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)کے زیرِ اہتمام مانو ماڈل اسکولس کے اساتذہ کے پیشہ ورانہ فروغ کے لئے دس روزہ اورینٹیشن پروگرام کا یونیورسٹی میں 5 تا 14؍ جنوری 2017 انعقاد عمل میںلا یا جا رہا ہے۔پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم‘ڈائرکٹر (انچارج) مرکز ‘کے مطابق اورینٹیشن پروگرام بعنوان ’’تدریس و اکتساب برائے اکیسویں صدی کمرۂ جماعت‘‘ کا افتتاحی اجلاس 5جنوری کو صبح 10.00 بجے سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں مقرر ہے۔ پروگرام کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد اسلم پر ویز کریں گے۔مہمانِ خصوصی جناب منور پیر بھائی،چیر مین، حاجی غلام محمد اعظم ایجوکیشن ٹرسٹ،پونے جبکہ مہمانِ اعزازی ڈاکٹر شکیل احمد ،پرو وائس چانسلر ہو ں گے۔پروگرام کا آغاز پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم کے خیر مقدمی خطاب سے ہو گا ۔ دس روزہ اورینٹیشن پروگرام میں مانو ماڈل اسکولس حیدرآباد، دربھنگہ (بہار)اور نوح(ہر یانہ)کے 47 اساتذہ‘ ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچرس اور پوسٹ گریجویٹ ٹیچرس شر کت کر رہے ہیں ۔اس پروگرام میں در س و تدریس سے متعلق موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا تاکہ مدرسین کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہو سکے اور انہیں تدریس کے مؤثر و مفید طریقوں اور تکنیکوں سے روشناس ہونے میں مدد ملے۔
جگن موہن ریڈی پانچ جنوری سے کسان بھروسہ یاتراکا آغازکریں گے
حیدرآباد4جنوری (یواین آئی ) آندھرا پردیش کی اصل حزب اختلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پانچ جنوری سے کرنول ضلع میں کسان بھروسہ یاتراکا آغاز کریں گے ۔ سری سیلم سے اس یاترا کا آغاز ہوگا ۔ پہلے مرحلہ میں سری سیلم ‘ نندیال حلقوں میں یہ یاترا جاری رہے گی ۔ اس یاترا کا اختتام 11جنوری کو ہوگا ۔ یاترا کے دوران قرض کے بوجھ کے سبب خودکشی کرنے والے کسانوں کے خاندانوں سے جگن ملاقات کریں گے ۔ ان کی یاترا کے سلسلہ میں مناسب انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یاترا کے دوران جگن پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔