آج افتتاحی تقریب و محفل غزل ، اتوار کو سمینار و ڈاکیومنٹری کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : انجمن ترقی پسند مصنفین ریاست تلنگانہ کے زیر اہتمام ممتاز کمیونسٹ رہنما اور اردو تحریک کے قائد ڈاکٹر راج بہادر گوڑ کی صدی تقاریب 21 اور 22 جولائی کو اردو ہال حمایت نگر میں منعقد ہوگی ۔ افتتاحی تقریب 21 جولائی بروز ہفتہ شام 5 بجے منعقد ہوگی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و صدر استقبالیہ کمیٹی مہمانوں کا خیر مقدم کریں گے ۔ جناب این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ بحیثیت مہمان شرکت کریں گے ۔ پروفیسر بیگ احساس صدر انجمن ترقی پسند مصنفین ریاست تلنگانہ صدارت کریں گے ۔ جناب کے وی رمنا چاری ( آئی اے ایس ) ، جناب بی نرسنگ راؤ ، جناب سدھاکر ریڈی ( جنرل سکریٹری سی پی آئی ) ، رانی اندرا دیوی دھن راج گیر جی ، جناب راجندر راجن ( جنرل سکریٹری کل ہند انجمن ترقی پسند مصنفین ) ، پروفیسر ایس وی ستیہ نارائنا ( وائس چانسلر پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی ) ، جناب احمد عالم خاں ، پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی ، جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ فاضل مقررین میں پدم شری مجتبیٰ حسین ، جناب علی جاوید ، جناب شمیم فیضی ، جناب سید عزیز پاشاہ اور محترمہ تمارا گوڑ شامل ہیں ۔ جناب ایس اے رؤف جنرل سکریٹری انجمن ترقی پسند مصنفین تلنگانہ اظہار تشکر کریں گے ۔ افتتاحی تقریب کے بعد محفل غزل منعقد ہوگی ۔ جس میں پورواگرو ، سنگیتا مترا اور جیکب اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ تسنیم جوہر اور فرید ضیائی کنوینر ہوں گے ۔ 22 جولائی اتوار کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک سمینار منعقد ہوگا جس کے دو سیشن ہوں گے ۔ پہلے سیشن کا عنوان ’ راج بہادر گوڑ کی اردو خدمات ‘ اور دوسرے سیشن کا عنوان ’ عصری سماجی و سیاسی منظر نامہ اور راج بہادر گوڑ کی وراثت ‘ ہوگا ۔ ایس اے رؤف جنرل سکریٹری نے شرکت کی درخواست کی ہے ۔۔