اردو کے قلمکاروں کو وظیفہ حکومت کے زیر غور

نعتیہ مجموعہ ’ رحمت للعالمینﷺ ‘ کی رسم رونمائی تقریب ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( راست ) : تلنگانہ کی ریاستی حکومت اردو زبان اور اس کے ادب کے فروغ میں بے حد دلچسپی رکھتی ہے ۔ جس کا ثبوت اقلیتوں اور اس کی ترقی کے لیے ہر مسئلہ کو حل کرنا وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کی اولین کوشش ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی سرکار اردو زبان کے بزگ قلمکاروں کو وظیفہ دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے تاکہ تخلیق کاروں کو ان کی محنت کا صلہ مل سکے ۔ وہ یہاں شاعر ادیب اور ماہر نشریات جناب اسلم فرشوری کے نعتیہ مجموعہ ’ رحمت للعالمین ﷺ ‘ کی تقریب رسم رونمائی میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نعت گوئی میں اسوہ حسنہ کو پیش نظر رکھا جائے تو سرکار دو عالم ﷺ کا کام ہوجاتا ہے ۔ وہ خوش نصیب ہیں جو نعت لکھتے ، پڑھتے اور سنتے ہیں ۔ مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ نے جناب اسلم فرشوری کے نعتیہ مجموعہ کی رسم رونمائی انجام دی اور دعاؤں سے نوازا ۔ مولانا مفتی ضیا الدین نقشبندی ، مولانا مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر ، مولانا محمد فصیح الدین نظامی ، جناب سید شاہ نور الحق قادری نے ثنا خوانی رسولؐ کی افادیت اور اہمیت پر گفتگو کی ۔ اور اسلم فرشوری کو مبارکباد پیش کی ۔ جناب اطیب اعجاز نے جلسہ و نعتیہ مشاعرہ کی نظامت کی ۔ شاعر و صحافی سردار سلیم نے مدینہ منورہ میں نعتیہ مجموعہ کی رسم اجراء کے کامیاب جلسہ اور عالمی نعتیہ مشاعرہ کی خوشگوار یادوں کو تازہ کیا ۔ میر کمال الدین علی خاں معتمد مولانا آزاد ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ نعت گوئی کے ذریعہ حضور سرور کائنات ﷺ کی بارگاہ ذی وقار میں بصد احترام نذرانہ عقیدت پیش کرنا خوش نصیبوں کا اعزاز ہے ۔ اور اسلم فرشوری نے یہ فخر بارہا پایا ہے ۔ ہوٹل آئی کے لندن ریسڈنسی سوماجی گوڑہ میں منعقدہ اس جلسہ کی نگرانی صنعت کار اور محب اردو لارڈ اقبال علی خاں صدر نشین آئی کے گروپ آف انڈسٹریز اور صدر نشین عالمی جشن اردو لندن ۔ حیدرآباد نے کی ۔ قاری عبدالولی کی قرات کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوا ۔ ارمان حسین فرشوری نے مناجات پیش کی اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ آرگنائزر جناب فراز حسین فرشوری جنرل مینجر انسٹانسی ٹکنالوجی امریکہ نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر حیدرآباد کے شعراء کرام ڈاکٹر فرید الدین صادق ، ولی محمد زاہد ہریانوی ، سمیع اللہ سمیع ، یوسف روش حلیم بابر نے تہنیتی کلام پیش کیا ۔ ’ رحمت للعالمین ﷺ ‘ کی رسم رونمائی کے بعد محب کوثر کی نگرانی میں کل ہند نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا ۔ جس میں شعرائکرام نے کلام پیش کیا۔۔