اردو کے خدمت گذاروں کے اعزاز میں آج تہنیتی تقریب

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور دیگر معزز شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فبروری ( تبارک نیوز ) سماجی قائد و اردو کے دیرینہ قدیم خدمت گذار جناب محمد اسماعیل الرب انصاری ( المعروف اردو انصاری ) کو مجاہد اردو اور جناب سید مجتبی عابدی کو عابد علی خان ایوارڈز ہومین رائٹس پروٹیکشن اسوسی ایشن کی جانب سے عطا کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ اردو فورم شعبہ خواتین ، مدرسہ سراج المومنات اور یونیک ویلفیر اسوسی ایشن کے مشترکہ طور پر ایک عظیم الشان تہنیتی تقریب 26 فبروری 2 بجے دن مولانا ابوالکلام اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ باغ عامہ نامپلی مقرر ہے ۔ تہنیتی تقریب کی صدارت جناب محمد اسماعیل حسین صدر اسوسی ایشن کریں گے ۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ جناب عابد رسول خان چیرمین اقلیتی کمیشن اے پی و تلنگانہ مولانا حافظ پیر شبیر احمد ایم ایل سی ، جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس ، جناب ایس اے شکور سکریٹری اردو اکیڈیمی بحیثیت مہمانان اعزازی ہونگے ۔ محترمہ اسری فردوس ایڈیشنل کنوینر سرواسکھشا ابھیان ،، مسز ساجدہ بیگم پرنسپل سراج المومنات ، مسز راحت الفردوس ایڈیشنل کنوینر اردو فورم شعبہ خواتین مسز آمنہ بیگم صدرنشین یونیک ویلفیر اسوسی ایشن مخاطب کریں گے ۔ اس موقع پر اردو تنظیموں کی جانب سے جناب محمد اسماعیل الرب انصاری المعروف اردو انصاری و جناب سید مجتبی عابدی کی گلپوشی کی جائے گی ۔