اردو کو بالی ووڈ سے کافی فروغ ملانائب صدر حامدانصاری کا بیان

بنگلورو، 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر محمد حامد انصاری نے آج بالی ووڈ کی پذیرائی کی کہ اُس نے فلموں کے ذریعہ اردو کو مقبول بناتے ہوئے اس زبان کو نئی زندگی دینے کا کام کیا ہے ۔ وہ یہاں اردو روزنامہ ’’سالار ‘‘ کی گولڈن جوبلی تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 20سال میں جو تائید و حمایت اردو کو ممبئی کی فلمی صنعت سے حاصل ہوئی، وہ غیر معمولی ہے ۔ ایک طرح سے بالی ووڈ نے اردو زبان کو فلموں کے ذریعہ مقبول بناکر اُس میں نئی جان ڈال دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو اپنے رومانی اور انقلابی جذبہ کے سبب مقبولیت رکھتی ہے اور محبت کا اظہار دنیا کی کسی اور زبان کے مقابل اردو میں بہتر طور پر پیش کیا جاسکتا ہے ۔