اردو کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بنانے نئے کمپیوٹرس کی فراہمی

صدر نشین اقلیتی مالیتی کارپوریشن اکبر حسین کا شہر کے بعض مراکز کا دورہ ‘ تفصیلات سے آگہی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) اردو کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کو عصری بنانے اور کمپیوٹر کورسس کے آغاز کو یقینی بنانے کے لئے صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے آج شہر میں بعض کمپیوٹر سنٹرس کا دورہ کیا ۔ انہوں نے جہاں نماں ، شاہ علی بنڈہ، مغلپورہ اور خلوت میں اردو کمپیوٹر سنٹرس کا دورہ کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ یہ کمپیوٹر سنٹرس اردو اکیڈیمی کے تحت تھے جنہیں 2016 ء میں اقلیتی فینانس کارپوریشن منتقل کردیا گیا ۔ اس کے بعد سے نہ صرف ٹریننگ متاثر ہوئی بلکہ آج تک امتحانات منعقد نہیں کئے گئے ۔ اکبر حسین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اقلیتوں کی معاشی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بنانے کیلئے چیف منسٹر نے خصوصی فنڈس جاری کرنے کا تیقن دیا ہے۔ اکبر حسین نے بتایا کہ بہت جلد تمام کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بنانے کیلئے نئے کمپیوٹرس فراہم کئے جائیں گے۔ کمپیوٹر سنٹرس کی زبوں حالی اور امیدواروںکی پریشانی کو دیکھتے ہوئے حال ہی میں چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی جاچکی ہے۔ 2015 ء تک کمپیوٹر کورسس کے امتحانات منعقد کئے گئے تھے لیکن اب کارپوریشن امتحانات کے انعقاد کا اختیار نہیں رکھتا اور یہ صرف اردو اکیڈیمی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1000 سے زائد طلبہ کمپیوٹر کورسس کی ٹریننگ حاصل کرچکے ہیں لیکن وہ امتحانات کے عدم انعقاد کے باعث سرٹیفکٹس سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو امتحانات کے انعقاد کی اجازت دینے یا پھر اردو اکیڈیمی کے ذریعہ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں دو مرتبہ سکریٹری اقلیتی بہبود سے نمائندگی کی جاچکی ہے تاکہ طلبہ کا مستقبل تاریک نہ ہو۔ اکبر حسین نے کہا کہ کمپیوٹر سنٹرس کے دورہ کے موقع پر ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شکایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بقایا جات کے ساتھ تنخواہوں کی اجرائی جلد عمل میں آئے گی اور اس سلسلہ میں انہوں نے مینجنگ ڈائرکٹر بی شفیع اللہ سے منظوری حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بناتے ہوئے کوچنگ کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ اقلیتی بہبود چیف منسٹر کے وعدہ کے مطابق کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بنانے کے اقدامات کرے گا ۔