حیدرآباد۔/19جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست میں اردو میڈیم سرکاری مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے لیکن محکمہ تعلیم نے اردو کی طرح اردو میڈیم مدارس کو بھی نظرانداز کردیا ہے۔دارالحکومت حیدرآباد ہو یا اضلاع اردو میڈیم مدارس کی حالت ابتر ہے جہاں بنیادی سہولتیں تک حاصل نہیں۔ کئی مدارس ایسے ہیں جہاں طلبہ اور اساتذہ کیلئے فرنیچر کا انتظام نہیں اور بیت الخلاء بھی تعمیر نہیں کئے گئے۔ حکومت نے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا کام محکمہ تعلیم سے لینے کے بجائے اس کی ذمہ داری اردو اکیڈیمی کو سونپ دی ہے۔ اردو اکیڈیمی میں تحفظ و فروغ اردو کیلئے جو فنڈ مختص کیا گیا اس میں سے اردو میڈیم سرکاری اور امدادی مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے امداد کی اسکیم کا اعلان کیا گیاہے۔ اردو مدارس کی ابتر صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ریاست میں موجود جملہ 2753 اردو مدارس میں سے 1399 مدارس کی جانب سے انفراسٹرکچر کیلئے درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اس اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کے اقدامات کررہے ہیں تاکہ اردو میڈیم مدارس میں اساتذہ اور طلبہ کیلئے بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ اس سے نہ صرف اسکول کا ماحول بہتر ہوگا
بلکہ بہتر تعلیم کے مواقع پیدا ہوں گے۔ فروغ اردو کیلئے جاریہ مالیاتی سال حکومت نے 8کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جس میں سے 2کروڑ 50لاکھ روپئے اردو میڈیم مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی پر خرچ کئے جائیں گے۔ اس کے تحت ہائی اسکولس کو 25ہزار روپئے اور پرائمری و اپرپرائمری اسکولس کو 20ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی۔ امداد کے سلسلہ میں درخواستیں اضلاع کے متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی تصدیق کے ساتھ طلب کی گئی ہیں اور چیکس کی اجرائی بھی ڈی ای اوز کے ذریعہ عمل میں آئے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بیشتر مدارس میں فرنیچر، الماری، اساتذہ کیلئے کرسی، بلاک بورڈ اور صاف پانی کی سربراہی کیلئے واٹر پیوریفائر کی ضرورت ظاہر کی ہے۔ حیدرآباد کے اردو میڈیم مدارس میں بنیادی سہولتوں کی کمی قابل غور ہے جبکہ دیگر میڈیم کے مدارس تمام سہولتوں سے آراستہ ہیں۔ انفراسٹرکچر کیلئے موصوصلہ جملہ 1399 درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں حیدرآباد سے آئی ہیں۔134پرائمری، 3اپرپرائمری اور 62ہائی اسکولس نے درخواست داخل کی۔ نظام آباد 169درخواستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کرنول 158 درخواستوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ سب سے کم 30درخواستیں نلگنڈہ سے موصول ہوئی ہیں۔
ریاست میں جملہ 2753 اردو میڈیم مدارس ہیں اس کے علاوہ دیگر میڈیم کے 646مدارس میں متوازی طور پر اردو کلاسیس چلائی جاتی ہیں۔ ریاست میں اردو اساتذہ کی تعداد 6390 ہے جبکہ اردو میڈیم طلبہ 2لاکھ 24ہزار 342ہیں۔ اردو اکیڈیمی نے تقریباً 5برس قبل اس طرح کی اسکیم پر عمل کیا تھا اور ہر اسکول کو 5000/- روپئے راست طور پر اسکول ہیڈ ماسٹر کو جاری کئے گئے تھے۔ سرکاری اور امدادی اردو میڈیم مدارس کی درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ فبروری کے پہلے ہفتہ میں پہلے مرحلہ کے تحت چیکس کی اجرائی عمل میں آئے گی۔فروغ اردو اسکیم کے تحت اکیڈیمی کو مختلف ایوارڈز کے علاوہ اردو ٹیچرس اور اساتذہ کو ایوارڈز کی فراہمی اور’’ قومی زبان‘‘ شمارہ کی اشاعت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔