اردو میڈیم اساتذہ کو درپیش مسائل : ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : اسٹیٹ ٹیچرس یونین تلنگانہ اسٹیٹ کے قائدین مسرس چندوری راجی ریڈی صدر اور بی بھوجنگ راؤ معتمد عمومی نے مشترکہ صحافتی بیان میں بتایا کہ مذکورہ یونین کے قائدین کے ایک وفد نے جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی حکومت تلنگانہ حیدرآباد سے ریاست کے اردو میڈیم کے سرکاری مدارس و مسلم ، اساتذہ کو درپیش مشکلات کے بارے میں جنگی خطوط پر یکسوئی کے لیے نمائندگی کی اور تقریبا 25 اہم امور کے بارے میں عاجلانہ اقدامات کرتے ہوئے احکامات کی اجرائی پر زور دیا ۔ جن میں چند اہم امور اس طرح ہیں ۔ تمام مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنا ، ڈی ریزرویشن کے ذریعہ محفوظ جائیدادوں کو عام واہل اساتذہ سے پر کرنا ، عیدالاضحیٰ اور عید الفطر کے موقع پر عیدین کے دن کے علاوہ تین تین دن تعطیلات ، ان سرویس تمام ٹریننگس اور میٹریل وغیرہ اردو میں سربراہی ، SCERT میں اردو کے علحدہ سل کا قیام ، اردو میڈیم کے تمام جماعتوں کی درسی کتب اور ماڈیولس بروقت فراہم کرنا ہے ۔ جونیر لکچرر اور ڈائیٹ لکچرر کی جائیدادیں اہل ان سرویس اساتذہ کے ذریعہ فوری پر کرنا ، رمضان المبارک میں مدارس کے اوقات کی تبدیلی کے لیے جامع احکام کی اجرائی عمل میں لانا و دیگر کئی اہم امور شامل ہیں ۔ جس پر نائب وزیر اعلی نے وزیر تعلیم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی اور فوری احکامات کی اجرائی کی خواہش کی ۔ اس وفد میں جناب بی بھوجنگ راؤ معتمد عمومی اور جناب محمد فیض الدین معاون معتمد عمومی ، محمد کمال احمد کنوینر اقلیتی امور ایس ٹی یو ٹی ایس کے علاوہ ضلع حیدرآباد کے صدر جناب آر سرینواس ریڈی معتمد عمومی جناب سید وحید اللہ حسینی اور نامپلی منڈل کے صدر جناب محمد افتخار الدین ، عنبر پیٹ منڈل کے معتمد عمومی جناب عماد الدین انصاری وغیرہ شامل تھے ۔۔