اردو زبان کے طلبہ کو احساس کمتری دور کرتے ہوئے کامیابی کی راہیں تلاش کرنے کا مشورہ

ایس ایس سی اردو میڈیم کوئسچن بنک کی رسم اجرائی ، جناب عامر علی خاں اور وینکٹ نرسیا کے تقاریر
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : اردو زبان کو سیکھنے کے لیے اگر اس کو اسکولی سطح پر بطور مضمون پڑھا جائے تو بہتر ہے ہر طالب علم میں صلاحیت ہوتی ہے اس کو فروغ دینے کے لیے مواقع فراہم کرنا چاہئے ۔ اردو زبان کے متعلق اسکولی طالبات کی معلومات اور اندراز بیان کو سراہتے ہوئے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ ادارہ سیاست زندگی کے مختلف شعبہ جات میں سرگرم عمل ہے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے ۔ ایس ایس سی کے نصاب میں تبدیلی کے بعد طلبہ کو نئے طریقہ امتحان سے واقف کروانے کے لیے یہ کوئسچن بنک نہایت مفید ثابت ہوں گے ۔ جناب عامر علی خاں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج کے مسابقتی دور میں طالب علم کو ہر مرحلہ میں امتحانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ذہانت پر زور دینے کی ضرورت ہے اور ذہین طالب علم کو صحیح رہنمائی کرتے ہوئے مستقبل کو درخشاں بنایا جاتاہے ۔ اردو میڈیم طلبہ کو احساس کمتری کے خول سے باہر نکل کر اپنے صلاحیت کے مطابق ترقی کی راہیں تلاش کرنا چاہئے ۔ انہوں نے سیاست ایس ایس سی کوئسچن بنک اردو میڈیم کی رسم اجرائی انجام دی اور طلبہ کو اس سے بھر پور استفادہ کا مشورہ دیا ۔ مسٹر وینکٹ نرسیا ڈپٹی سکریٹری تلنگانہ ریزیڈنیشل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن سوسائٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں ادارہ سیاست کے تعلیمی کاز کو تعمیری اور ٹھوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ حصول تعلیم کے لیے غریب اور معاشی طور پر پسماندہ طلبہ کو رہنمائی کی ضرورت ہے حکومت کی اسکیمات میں جو مراعات اقلیتی طبقات کے لیے مختص ہے وہ اس سے بھر پور استفادہ سے قاصر ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اقلیتی طلبہ کے لیے جو ریزیڈنشیل اسکولس ہیں ان میں طلبہ فراہم نہیں ہورہے ہیں ۔ اگر غیر اقلیت کو شامل کریں تو کم از کم زبان اول اردو رکھتے ہوئے تمام نشستوں کو پر کیا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر صفدریہ اسکول کی طالبات نے اردو میری زبان نظم سنائی ۔ جب کہ سنٹرل ہائی اسکول خلوت کے طالبات نے اردو زبان پر تقاریر اور نظموں کو پیش کیا ۔ سمیہ صدیقہ نے اردو پر سیر حاصل تقریر کی اور ایک طالبہ سعدیہ تبسم نے یہ اردو نظم میٹھی آواز میں پیش کی ۔ حنان محی الدین نے شکوہ جواب شکوہ زبانی سنایا ۔ ادارہ سیاست کی جانب سے جناب عامر علی خاں نے ان تمام طلباء وطالبات کو مومنٹوز اور میڈلس عطا کئے ۔ احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ایجوکیشنل آفیسر نے کتاب کی تیاری میں معاون اساتذہ سے اظہار تشکر کیا اور انہیں سند اور شال عطا کئے ۔ آئی نہرو بابو ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر بہادر پورہ زون مہمان اعزازی تھے ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ اس موقع پر قاری صابر پاشاہ ، عبدالعلیم ، اقبال محی الدین ، محمد معید ، عبدالشکور اور تمیز ، خلیل الرحمن ٹیچر کے علاوہ کئی اسکولس کے ذمہ داران موجود تھے ۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا ۔ قومی ترانہ پر اختتام ہوا ۔۔