نئی دہلی23مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اس استدلال کے ساتھ کہ موجودہ عالمی مسائل کے حوالے سے اردو زبان کا کردار بہت فعال اور مثبت رہا ہے اور اس نے عالمی مسائل کی تفہیم و تعبیر میں، انسانی اقدار پر مبنی ایک نیا زاویہ بھی اختیار کیا ہے ، قومی کونسل برائے فروغ زبان اردو نے اردو زبان و ادب کے اسی آفاقی اور عالمی کردار کو روشناس کرانے کیلئے کل سے یہاں تین روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے ۔کانفرنس کی تفصیلات سے میڈیا کوآگاہ کراتے ہوئے کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم نے آج بتایا کہ’اردو زبان و ثقافت اور موجودہ عالمی مسائل’ کے مرکزی موضوع پر منعقد اس پانچویں عالمی کانفرنس میں گلوبلائزیشن کے اس دورمیں مختلف سطحوں پر جو عالمی مسائل ہیں ان کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی اور یہ واضح کیا جائے گا کہ اردو زبان نے کسی بھی عالمی مسئلے سے گریز نہیں کیا ہے اور تمام تر عالمی مسائل اس کے احساس و ادراک کا حصہ رہے ہیں۔مسٹر ارتضی کریم نے بتایا کہ کانفرنس کا افتتاح انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر مملکت ڈاکٹر ستیہ پال سنگھ کریں گے جب کہ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی تقریب کی صدارت کریں گے ۔اس موقع پر کونسل کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حمید اللہ بھٹ کلیدی خطبہ دیں گے ۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں شیام جاجو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد ، پروفیسر بیگ احساس اور رئیس خان پٹھان وغیرہ شامل ہیں۔
کووند اور مودی نے لوہیا کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی،23مار چ (سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی مودی نے مجاہد آزادی، سماجی مفکر اور سیاستداں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی سالگرہ پر آج انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر کووند نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت۔ ڈاکٹر لوہیا نے ایک منصفانہ، غرجانبدار اور مساوی سماج کے قیام کے لئے اپنی زندگی وقف کردی۔