اسمبلی میں وزیر فینانس ای راجندر کا تیقن
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے موقع پر چار فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری اور اردو زبان میں امتحان کے انعقاد کا تیقن دیا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے ضمنی استفسارات کے جواب میں وزیر فینانس نے کہا کہ تمام محکمہ جاتی امتحانات کے اردو میں انعقاد کا مسئلہ حکومت کے زیر غور ہے اور چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے اس سلسلہ میں ایوان کو تیقن دیا ہے ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات سے متعلق حکومت کے وعدے پر تقررات میں عمل آوری کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ 12 فیصد تحفظات کیلئے حکومت نے علحدہ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی کی رپورٹ اس کی مجبوری کے بعد ہی 12 فیصد پر عمل کیا جاسکا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ سلسلہ میں موجودہ تحفظات یعنی 4 فیصد پر عمل آوری کی جائے گی۔انہوں نے ارکان کے اصرار پر کہا کہ اردو زبان میں امتحان کے انعقاد کیلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے گی اور اردو میں امتحان کو یقین بنایا جائے گا کیونکہ تلنگانہ میں اردو دوسری سرکاری زبان کا درجہ رکھتی ہے۔ وزیر فینانس نے تقررات میں تاخیر کی صورت میں طلبہ کی عمر میںاضافہ کی تشویش پر کہا کہ حکومت 5 تا 10 برس کی رعایت دینے کیلئے تیار ہے ۔ اس سلسلہ میں تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔