حیدرآباد۔2 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اللہ نے آج اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش کی ڈائری 2014ء کی رسم اجراء انجام دی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے اردو اکیڈیمی کی نئی عصری ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔ گذشتہ چند برسوں کے بعد اردو اکیڈیمی کی جانب سے دوبارہ ڈائری شائع کی گئی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس ڈائری میں محکمہ اقلیتی بہبود کے تمام اداروں کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ اس ڈائری میں اقلیتوں سے متعلق تمام اسکیمات اور ان سے استفادہ کے طریقہ کار کو بھی درج کیا گیا ہے جس سے عوام کو سہولت ہوگی۔ انہوں نے نئی ویب سائٹurduacademyap.in کا افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ اردو اکیڈیمی کی موجودہ ویب سائٹ تمام سہولتوں سے عاری تھی جسے عصری سہولتوں اور ٹکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ پر اردو اکیڈیمی کی تمام اسکیمات کی تفصیلات اور ان سے استفادہ کے طریقہ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں موجود افراد اس ویب سائٹ کے ذریعہ آندھرا پردیش میں اقلیتوں کی ترقی سے متعلق اسکیمات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ موجودہ دور میں ویب سائٹ دنیا بھر میں معلومات فراہم کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو اکیڈیمی اس بات کی کوشش کرے گی کہ اردو زبان اور ادب کو عصری تقاضوں کے ساتھ عوام سے روبرو کیا جائے۔ اکیڈیمی کی ویب سائٹ پر ماہنامہ ’قومی زبان‘ اور اسکیمات کے درخواست فارم بھی ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فوٹو اور ویڈیو گیلری بھی شامل کی گئی جس میں اکیڈیمی اور اقلیتی بہبود کی سرگرمیوں کو شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال، جنرل منیجر اقلیتی فینانس کارپوریشن ولایت حسین رضوی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔