جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت۔ 24 جولائی کو آئندہ سماعت
حیدرآباد 3 جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی عدم تشکیل کے خلاف دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست پر حیدرآباد ہائیکورٹ نے حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے دیگر اقلیتی اداروں کی تشکیل عمل میں لائی لیکن چار سال گذرنے کے باوجود اردو اکیڈیمی تشکیل نہیں دی ۔ ایک مقامی کانگریسی قائد عبدالکبیر نے مفاد عامہ کی درخواست داخل کرتے ہوئے شکایت کی کہ عہدیداروں پر اکیڈیمی کو چھوڑ دیا گیا ہے جس سے کارکردگی متاثر ہوئی ہے ۔ اسکیمات پر عمل آوری نہ ہونے کی شکایت بھی کی گئی ۔ کارگذار چیف جسٹس ‘ رمیش رنگاناتھن کی زیر قیادت ڈویژن بنچ نے چیف سکریٹری ‘ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 24 جولائی کو مقرر کی گئی ۔