تلگو اکیڈیمی سے اشاعت میں تاخیر ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کی حکومت کو تجویز
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ تا پوسٹ گریجویشن اردو میڈیم نصابی کتب کی اشاعت کا کام اردو اکیڈیمی کے حوالہ کرنے محکمہ اقلیتی بہبود منصوبہ بنارہا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی گئی کہ اردو میڈیم نصابی کتب کی اشاعت کی ذمہ داری تلگو اکیڈیمی کے بجائے اردو اکیڈیمی کو دی جائے تاکہ بروقت نصابی کتب کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور سے مشاورت کے بعد اس سلسلہ میں حکومت کو تجویز روانہ کی ۔ واضح رہے کہ اردو میڈیم کی پہلی تا 10 ویں جماعت تک نصابی کتب کی اشاعت کا کام اسٹیٹ کونسل فار ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ کی جانب سے انجام دیا جاتا ہے جبکہ انٹر تا پوسٹ گریجویشن اردو میڈیم نصابی کتب کی اشاعت تلگو اکیڈیمی کے ذمہ تھی ۔ دو سال قبل جب دانا کشور سکریٹری اقلیتی بہبود تھے، انہوں نے نصابی کتب کی بروقت دستیابی کیلئے یہ کام اردو اکیڈیمی کے حوالے کیا۔ اردو میڈیم طلبہ کو شکایت تھی کہ تلگو اکیڈیمی اردو نصابی کتب بروقت شائع نہیں کر رہی ہے اور اگر یہ کام اردو اکیڈیمی کو دیا گیا تو بہتر انداز میں انجام دیا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اردو میڈیم کے علاوہ دیگر میڈیم کی نصابی کتب کی اشاعت کا کام تلگو اکیڈیمی کے تحت تھا لیکن اس کے پاس علحدہ پرنٹنگ پریس نہیں۔ تلگو اکیڈیمی بعض خانگی پرنٹنگ پریس کو ٹنڈر کی بنیاد پر کام الاٹ کر رہی ہے۔ ان مسائل کا جائزہ لینے کے بعد دانا کشور نے انٹرمیڈیٹ نصابی کتب کی اشاعت کی ذمہ داری اردو اکیڈیمی کے حوالے کی اور اس کام کیلئے 27 لاکھ روپئے کا بجٹ بھی منظور کیا گیا تھا ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے اشتراک سے اردو اکیڈیمی نے نہ صرف ماہر لکچررس کے ذریعہ نصابی کتب تیار کیں بلکہ ان کی اشاعت کا انتظام کیا۔ ہیومانیٹیز اور سائنس سے متعلق تمام شعبوں کی نصابی کتب اردو اکیڈیمی کی جانب سے شائع کی گئیں اور گزشتہ دو برسوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے علاوہ پوسٹ گریجویٹ کی سطح تک تمام نصابی کتب کی اشاعت کی ذمہ داری اردو اکیڈیمی کو دی جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کو ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن سطح کی نصابی کتب شائع کرنے کا پیشکش کیا۔ انٹرمیڈیٹ کے نصابی کتب کی فراہمی کیلئے دو خصوصی کاؤنٹرس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے انٹرمیڈیٹ سال دوم کی اہم نصابی کتب اکیڈیمی سے شائع کی جارہی ہیں۔ اگر دیگر کلاسس کی اردو نصابی کتب کی تیاری اور اشاعت کی ذمہ داری اردو اکیڈیمی کو دی جائے تو وہ اسے بخوبی نبھانے کیلئے تیار ہے۔