اردو اور انگریزی میں حج گائیڈ دفتر حج کمیٹی میں دستیاب

حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : جناب ایم اے وحید آئی ایف ایس (ریٹائرڈ) ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اردو اور انگریزی زبان میں حج گائیڈ برائے حج 2019 کی اشاعت عمل میں آئی ہے اور اس کی کاپیاں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کو موصول ہوچکی ہیں ۔ اس گائیڈ میں سفر حج کے تعلق سے انتہائی اہم اور مفید معلومات دی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ مناسک حج و عمرہ : حج کی اقسام ، سفر حج کی تیاری ، گرمی سے بچاؤ کی ہدایات ، مرکز روانگی اور جدہ و مدینہ منورہ ایرپورٹ کے امور ، مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں سہولتیں ، انڈین حج پلگرم آفس مکہ مکرمہ ، طبی احتیاط ، عمرہ اور عمرہ کے مسائل ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مقدس مقامات ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات کو روانگی ، کسی حاجی کے انتقال کی صورت میں کیا کریں ، بھیڑ میں کیا کریں ، چند عام اور اہم عربی الفاظ ، دین کی اہم باتیں اور نماز کا طریقہ ، رابطے کی تفصیلات اور اہم فون نمبرات وغیرہ شامل ہیں ۔ ایگزیکٹیو آفیسر نے عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ اوریجنل کور نمبر سلپ کے ساتھ دفتر حج کمیٹی ، حج ہاوز نامپلی سے رجوع ہو کر اپنی پسند کی زبان میں حج گائیڈ حاصل کرلیں ۔ ایک کور نمبر پر صرف ایک گائیڈ جاری کی جائے گی ۔ کور نمبر کی زیراکس کاپی قبول نہیں کی جائے گی ۔ اضلاع کے عازمین کو ضلع حج سوسائٹی کے توسط سے حج گائیڈ سربراہ کی جائیں گی ۔۔