اردو آفیسرس کے تقررات کے لیے آئندہ ہفتہ اعلامیہ کی اجرائی متوقع

محکمہ اقلیتی بہبود میں امتحانات پر اعلیٰ سطحی اجلاس ، جی او کا جائزہ ، ہفتہ کو دوبارہ اجلاس
حیدرآباد۔ 28 ۔ فبروری (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کے تقرر کے سلسلہ میں امتحانات کی تیاری کا آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا گیا ۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ سے نوٹیفکیشن کی اجرائی کی کارروائی شروع ہوگی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے جے این ٹی یو عہدیداروں کے علاوہ نصاب اور ماڈل پیپر تیاری کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس 44 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس جی او میں تقررات کے سلسلہ میں اہلیت اور دیگر شرائط کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ امتحانات کے انعقاد کے عمل کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے سلسلہ میں ہفتہ کو دوبارہ اجلاس منعقد ہوگا۔ حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو نوڈل ایجنسی مقرر کیا ہے جبکہ جے این ٹی یو تقررات اور امتحانات کے انعقاد میں تعاون کرے گی ۔ اس سلسلہ میں معاہدہ پر دستخط ہوں گے۔ اجلاس میں امتحانات کے انعقاد اور نشانات مقرر کرنے پر غور کیا گیا ۔ 200 نشانات پر مشتمل امتحان میں 125 نشانات تحریری امتحان کیلئے ہوں گے۔ امیدواروں کو مختلف انداز کے پیراگراف انگریزی اور تلگو میں تیار کرنے ہوں گے ۔ امتحانی مراکز کے سلسلہ میں اجلاس میں طئے کیا گیا کہ حیدرآباد میں ایک ہی مرکز قائم کیا جائے۔ امیدواروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے نصابی کمیٹی سے تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ اردو آفیسرس کے تقرر کا مقصد سرکاری کام کاج میں اردو کے استعمال کو یقینی بنانا ہے ۔ 66 جائیدادوں میں 6 جائیدادیں اردو آفیسر گریڈ I زمرہ کی ہوں گی جبکہ 60 عہدے گریڈ II زمرہ کے ہوں گے ۔ چیف منسٹر ، وزراء اور تمام کلکٹریٹس میں عہدیداروں کو تعینات کیا جائے گا۔ ان عہدیداروں کو اردو درخواستوں کا تلگو اور انگریزی میں ترجمہ کرنا ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ امتحانی نوٹفیکیشن مارچ کے دوسرے ہفتہ میں جاری کردیا جائے گا۔